عمران خان اس وقت پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما ہیں، پرویزالٰہی


لاہور (قدرت روزنامہ)سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ عمران خان اس وقت پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما ہیں۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چوہدری پرویز الٰہی سے اہم سیاسی رہنما چوہدری شوکت علی کی قیادت میں وفد کی ملاقات ہوئی ہے۔
ملاقات کے دوران پرویز الٰہی کا کہنا تھا کہ رانا ثنا اللہ اور محسن نقوی زمان پارک میں خون کی ہولی کھیل رہے ہیں،ن لیگ اور نگران حکومت پنجاب میں الیکشن کے خوف سے پاگل ہو چکے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رانا ثنا اللہ پولیس فورس کے سربراہ ہیں، ان کی اعلانیہ دھمکیوں سے عمران خان کی زندگی کو سخت خطرہ ہے جبکہ نوازشریف اور مریم نواز، رانا ثنا اللہ کو براہ راست ہدایات دے رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ محسن نقوی نے لاقانونیت کی ساری حدیں پار کر دی ہیں۔ رانا ثنااللہ کے ساتھ جلد مجرموں کے کٹہرے میں ہوں گے۔سابق وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ عمران خان اس وقت صرف پاکستان کے نہیں، بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے رہنما ہیں اور ملکی تاریخ میں کبھی کسی راہنما کے گھر پر پولیس فورس ایسے وحشیانہ حملہ نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ نے 18 مارچ کو حاضر ہونے کا کہا ہے تو پولیس کس کے کہنے پر چار دن پہلے ہی زمان پارک پر حملہ آور ہوئی، حکومت عمران خان کے خلاف اپنے مذموم مقاصد کی تکمیل کیلئے عدلیہ کا نام استعمال کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ زلمے خلیل زاد نے عمران خان کے پرتشدد کاروائیوں کی مذمت کرکے عالمی برادری میں پی ڈی ایم کی فاشسٹ حکومت کا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے اور عمران خان کے خلاف پی ڈی ایم حکومت کے فاشسٹ ہتھکنڈوں کو پوری دنیا کے سامنے لائیں گے
خیال رہے کہ ملاقات کے دوران سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین اور چوہدری موسیٰ الٰہی بھی موجود تھے جبکہ وفد میں چوہدری تصدق حسین مشیر سابق وزیر اعلیٰ پنجاب جلالپور جٹاں، ملک ریاض احمد شامپور کھوکھراں، سید نصیر بخاری اور بلال کھوکھر سمیت سابق وفاقی وزیر زرتاج گل،،شبینہ گل، سابق ایم پی اے وسیم خان بادوزئی اور محمود بھٹی بھی موجود تھے۔