عمران خان حکومت پر متنازعہ قانون سازی کا الزام لگاتے ہیں خود ایسی ہی ترامیم کرتے رہے ، وکیل وفاقی حکومت کے نیب ترامیم کیخلاف درخواست پردلائل


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر وکیل وفاقی حکومت نے دلائل دیتے ہوئے کہاکہ عمران خان حکومت پر متنازعہ قانون سازی کا الزام لگاتے ہیں خود ایسی ہی ترامیم کرتے رہے ہیں۔نجی ٹی وی چینل دنیا نیوز کے مطابق سپریم کورٹ میں نیب ترامیم کیخلاف عمران خان کی درخواست پر سماعت ہوئی، چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے درخواست پر سماعت کی۔
وکیل وفاقی حکومت مخدوم علی خان نے کہاکہ عمران خان نے نئے نیب قانون میں اختیارات کم کرنے کا الزام لگایا،عمران خان نے خود نیب ترامیم کرکے تمام شہریوں پر اطلاق ختم کر دیاتھا، عمران خان نے خود نیب ترامیم کرکے اپنی کابینہ کے فیصلوں پر نیب اختیار ختم کیا۔
وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ عمران خان حکومت پر متنازعہ قانون سازی کا الزام لگاتے ہیں خود ایسی ہی ترامیم کرتے رہے ۔
چیف جسٹس نے استفسار کیا جعلی بینک اکاﺅنٹس تو ایف آئی اے کے دائرہ اختیار میں ہونے چاہئیں ؟وکیل وفاقی حکومت نے کہاکہ منی لانڈرنگ پر نیب بھی کارروائی کر سکتا ہے،چیف جسٹس پاکستان نے کہاکہ عوام الناس سے فراڈ کو بھی نیب کے دائرہ اختیار سے نکال دیا گیا؟وکیل نے کہا کہ یہ پہلا کیس ہو گا جس میں وزیراعظم نے ترامیم کرنے کے بعد چیلنج کردیاہو،عدالت نے کیس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔