عرب ملک میں کزن کے ساتھ شادی سے انکار کرنے والی لڑکی کو سخت ترین سزا دے دی گئی

بغداد(قدرت روزنامہ) عراق میں اپنے کزن کے ساتھ ارینجڈ میرج سے انکار کرنے پر لڑکی کو خنجروں کے وار کرکے قتل کر دیا گیا۔ دی مرر کے مطابق یہ ہولناک واردات دارالحکومت بغداد میں ہوئی جہاں نورزین الشیماری نامی لڑکی کو سڑک پر چاقو کے وار کرکے موت کے گھاٹ اتارا گیا۔ قتل کی اس سفاکانہ واردات کی ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ ہونے کے بعد صارفین کی طرف سے شدید احتجاج کیا جا رہا ہے اور قاتلوں کو کیفرکردار تک پہنچانے کا مطالبہ کیا جا رہا ہے۔

رپورٹ کے مطابق منظرعام پر آنے والی اس ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ نورزین کام سے واپس گھر جا رہی ہوتی ہے کہ ایک جگہ تین لوگ آ کر اس پر حملہ کر دیتے ہیں۔ ان تینوں کے پاس خنجر ہوتے ہیں۔تینوں ملزمان دن دیہاڑے لڑکی کو قتل کرکے فرار ہو جاتے ہیں۔ پولیس نے نورزین کے بھائی کو گرفتار کر لیا ہے، جس نے مبینہ طور پر اس واردات کی منصوبہ بندی کی اور اپنے دیگر دو کزنز کے ساتھ مل کر بہن کو موت کے گھاٹ اتارا۔واضح رہے کہ نورزین کی 13سال کی عمر میں زبردستی ایک ارینجڈ میرج کرائی گئی تھی جہاں سے اس کی طلاق ہونے پر اسے دوبارہ اس کے کزن کے ساتھ شادی پر مجبور کیا جا رہا تھا۔