” عمران خان کی سیکیورٹی کیلئے خیبرپختون خوا سے تربیت یافتہ مجاہد پہنچ گئے ہیں“ خاتون صحافی کی ٹویٹ نے ہنگامہ برپا کر دیا


لاہور(قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیلئے پولیس اور رینجرز گزشتہ تین روز سے کوشش میں لگی ہوئی ہے تاہم ابھی تک کامیابی نہیں مل سکی لیکن گزشتہ روز پیش قدمی روکتے ہوئے محاصرہ جاری رہا اور آج لاہور پولیس کی جانب سے دی گئی عمران خان کی سیکیورٹی بھی واپس لے لی گئی ہے ۔
اس ضمن میں خاتون صحافی ” ملیحہ ہاشمی “ نے ٹویٹر پر پیغام جاری کرتے ہوئے پولیس اور رینجرز کو کارروائی سے باز رہنے کیلئے کہا اور دھمکی بھی دی ، صحافی کو جب اپنے کیے گئے ٹویٹ کی نوعیت اور سوشل میڈیا پر ہونے والی تنقید کا اندازہ ہوا تو انہوں نے اپنے الفاظ مٹانے کی کوشش میں ٹویٹ ڈیلیٹ کر دی لیکن اس وقت تک وہ وائرل ہو چکی تھی اور صارفین کی توجہ کا مرکز بھی بن چکی تھی ۔
ملیحہ ہاشمی نے ٹویٹر پر بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ ”آج عمران خان کی سیکیورٹی ٹیم کی تیاری 200 گنا زیادہ ہے ، خیبر پختون خواہ سے تربیت یافتہ مجاہد پہنچ گئے ، آج پولیس اور رینجرز نے لاقانونیت دکھائی تو بہت نقصان اٹھائیں گے ، ملک کے محافظ رہیں گے تو عزت ملے گی، دہشتگرد بنیں گے تو ویسا ہی جواب ملے گا، آج ہیلی کاپٹر کا بھی علاج تیار ہے ، وہ غلطی مت کرنا ۔“

ملیحہ ہاشمی کو اپنے اس ٹویٹ پر شدید تنقید کا سامنا ہے ،صحافی حمزہ اظہر سلام نے کہا کہ ” اس طرح کا غیر ذمہ درانہ بیان دراصل ریاست کو بھڑکانے اور عمران خان کی جمہوری شخصیت ہونے کی ساکھ کو نقصان پہنچانے کی کوشش ہے ۔