شاہ رخ خان کی نئی فلم “جوان” کی ریلیز ملتوی


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی و وڈ کے سپرسٹار شاہ رخ خان کی رواں سال جون میں آنے والی ایکشن فلم”جوان” کی ریلیز ملتوی کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔
این ڈی ٹی وی میڈیا رپورٹس کے مطابق کنگ خان کی نئی فلم “جوان” سے متعلق افواہیں چل رہی ہیں کہ فلم کو جون کے بجائے اب اکتوبر میں ریلیز کیا جائے گا۔ فلمسازوں کا خیال ہے کہ اسے گاندھی کے جنم دن یا پھر ہندو تہوار دسہرہ پر ریلیز کیا جائے تاکہ فلم زیادہ سے زیادہ بزنس کر سکے۔بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق شاہ رخ خان کی حال ہی میں ریلیز ہونے والی فلم “پٹھان” نے بالی وڈ میں ریکارڈ بزنس کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی ہے ، اب کنگ خان کے فینز فلم ’جوان‘ کی ریلیز کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
یاد رہے کہ اس کے علاوہ فلم کے کچھ اہم حصوں کی شوٹنگ بھی ابھی باقی ہے جو اس کی ریلیز میں التوا کی بڑی وجہ ہے۔اکتوبر میں فلم کو کب ریلیز کیا جائے، تاریخ کا اعلان ہونا باقی ہے۔