ارشد شریف کے اہل خانہ کے وکیل کا ازخودنوٹس پر اعتراض


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) مقتول صحافی ارشد شریف کے اہل خانہ کے وکیل نے ازخودنوٹس پر اعتراض اٹھادیا۔سپریم کورٹ میں ارشد شریف قتل ازخودنوٹس کی سماعت ہوئی۔ ارشد شریف کے اہلخانہ کے وکیل شوکت عزیز صدیقی نے ازخودنوٹس پر اعتراض اٹھادیا۔
وکیل شوکت عزیز صدیقی نے کہا کہ عدالت تفتیش کو سپروائز نہیں کر سکتی، سپریم کورٹ کا تحقیقات کی نگرانی کرنا خلاف آئین ہے، ارشد شریف کی والدہ کو جسٹس آف پیس سے رجوع کرنے کا کہنا چاہیے تھا۔
چیف جسٹس نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ساڑھے پانچ ہفتے انتظار کے بعد سوموٹو لیا۔ جسٹس مظاہر نقوی نے کہا کہ اتنا عرصہ کوئی قانونی کارروائی کیوں نہیں کی؟۔
شوکت عزیز صدیقی نے جواب دیا کہ ایس ایچ او تھانہ رمنا شہید کی والدہ کی درخواست پر مقدمہ درج نہیں کر رہا تھا۔جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ صحافی برادری کے خدشات اور تحفظ کیلئے ازخودنوٹس لیا گیا تھا، عدالت سوموٹو میں کسی کو سزا دینے نہیں بیٹھی، جے آئی ٹی کے کام میں سپریم کورٹ کوئی مداخلت نہیں کر رہی، عدالت صرف حکومتی اداروں کو سہولیات فراہم کر رہی ہے۔
چیف جسٹس نے کہا کہ عدالت نے سوموٹو فیکٹ فائنڈنگ رپورٹ آنے کے بعد لیا، رپورٹ میں کچھ پہلو تھے جن کی تحقیقات ضروری تھیں، عدالتی کارروائی شروع ہونے پر ہی مقدمہ درج ہوا، جے آئی ٹی کو حکومت فنڈز فراہم نہیں کر رہی تھی، سپریم کورٹ نے جے آئی ٹی کو فنڈز دلوائے اور وہ بیرون ملک گئی، ارشد شریف قتل کیس میں ابھی تک کوئی پیشرفت نہیں ہوسکی، بیرون ملک سے کوئی تعاون نہیں مل رہا، عدالت کسی کو تحفظ دینا چاہتی ہے نہ کسی کو مجرم قرار دینا مقصد ہے، کوئی دلچسپی نہیں لے گا تو کارروائی مزید تاخیر کا شکار ہوگی، عدالت نے سوموٹو کارروائی سے کوئی فائدہ نہیں اٹھانا، صحافی کو قتل کر دیا گیا جو دوسروں کیلئے سبق ہو سکتا ہے، صحافیوں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کیلئے عدالت نے سوموٹو لیا۔
شوکت عزیز صدیقی نے دلائل دیے کہ ارشد شریف کی والدہ روز جیتی اور مرتی ہیں انکی مرضی کا مقدمہ درج نہیں ہو رہا، چاہتے ہیں جے آئی ٹی کو اپنا کام کرنے دیا جائے۔ایڈیشنل اٹارنی جنرل نے بتایا کہ ہم نے باہمی قانونی معاونت کے لیے کینیا کو لکھا ہے، اس میں دس دن لگ جائیں گے۔عدالت نے ارشد شریف قتل کیس کی مزید سماعت تین ہفتوں کیلئے ملتوی کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی۔