راشن نہ ہونے پر بے روزگار شخص نے بیوی، بچیوں سمیت زہر کھالیا


کراچی(قدرت روزنامہ) سرجانی ٹاؤن میں طویل عرصے سے بے روز گار شخص نے گھریلو معاشی حالات سے دل برداشتہ ہونے کے بعد انتہائی سنگین اقدام اٹھاتے ہوئے اپنی 2کمسن بیٹیوں اور بیوی کو زہر دینے کے بعد خود بھی زہر کھا لیا۔ایک کمسن بچی دوران علاج دم توڑ گئی ، میاں بیوی اور بڑی بیٹی کی حالت بھی تشویشناک ہے ۔
سرجانی ٹاؤن تھانے کے علاقے سرجانی ٹاؤن سیکٹر 11 گھرمیں طویل عرصے سے بے روز گار شخص نے گھریلو معاشی حالات سے دل برداشتہ ہونے کے بعد انتہائی سنگین اقدام اٹھاتے ہوئے اپنی 2کمسن بیٹیوں اور بیوی کو زہر دینے کے بعد خود بھی زہر کھا لیا۔چاروں افراد بےہوش ہو گئے جنہیں ایدھی ایمبولنس کے ذریعے عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک کمسن بچی دوران علاج دم توڑ گئی۔
اس حوالے سےایس ایچ او سرجانی ٹاؤن بشیر وادو نے بتایا کہ زہر کھانے والوں میں 40 سالہ اظہر خان ولد مظفر خان ، اس کی بیوی 35 سالہ فاطمہ دو کمسن بیٹیاں 2 سالہ ام ایمن اور 4 سالہ ام ہانیہ شامل ہیں ، 2 سالہ کمسن بچی عباسی شہید اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی ہے جبکہ دیگر افراد کی حالت بھی تشویشناک ہے۔زہر کھانے والےاظہر کو عباسی شہید اسپتال سے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ اس کی بیوی اور ایک بیٹی عباسی شہید اسپتال میں ہی زیرعلاج ہے۔
ایس ایچ او نے بتایا کہ اظہر طویل عرصے سے بے روز گار تھا اورمزدوری نہ لگنے سے گھر میں جھگڑے ہورہے تھے اور اظہر نے گھریلو معاشی حالات سے دل برداشتہ ہونے کے بعد انتہائی سنگین اقدام اٹھایا۔اظہر کی بھابھی نے عباسی شہید اسپتال میں بتایا کہ ان کے شوہر کے پاس موبائل فون پر اظہر کی کال آئی تھی کہ ہم سب نے ملکر زہر کھالیا ہے اور ہماری حالت انتہائی خراب ہو گئی ہے ، جیسے ہی ہم ان کے گھر پہنچے تو ان کی حالت بہت زیادہ خراب تھی ۔
دیورانی کچھ ہوش میں تھی جس نے بتایا کہ ان کے گھرمیں کھانے کے لیے راشن موجود نہیں تھا اسی وجہ سے ان کی حالت خراب ہوئی ۔انھوں نے بتایا کہ ان کے دیور کافی عرصے سے بے روزگار تھے اس دوران ان کی ایک جگہ نوکری بھی لگی تھی پھر پتہ نہیں کیا ہوا کہ ان کی وہ ملازمت بھی چھوٹ گئی ۔
انھوں نے بتایا کہ ان کا اپنے دیور کے گھر آنا جانا کم تھا لیکن موبائل فون پر رابطہ رہتا تھا ، دیور کی دو بیٹیاں ہیں جن میں سے ایک دوران علاج دم توڑ گئی ہے دیور اور دیورانی کی بھی حالت اچھی نہیں ہے ۔انھوں نے حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ ہنگامی صورتحال پر غور کیا جائے دیکھیں کہ اس مہنگائی کی وجہ سے گھروں میں لوگ خود کشیاں کرنے پر مجبور ہو گئے ہیں ۔خداراغریبوں پر رحم کریں ۔