عالمی دنیا

مسئلہ کشمیر پر سیاست سے بالاتر ہوکر کوششیں کرنا ہوں گی، صدر کشمیر یکجہتی کونسل جاپان


ٹوکیو(قدرت روزنامہ)مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے سیاست سے بالاتر ہوکر پوری قوم کو کوششیں کرنا ہوں گی۔ یہ بات کشمیر یکجہتی کونسل جاپان کے صدر شاہد مجید نے مسلم لیگ ن جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی تمام سیاسی جماعتیں اپنی سیاست کریں لیکن جب کشمیر کا مسئلہ اجاگر کرنا ہو تو سب کو سیاست سے بالا تر ہوکر آگے آنا چاہیے۔اس موقع پر ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا حل پوری پاکستانی قوم کی اولین خواہش ہے، اس مسئلے کو اجاگر کرنے کے لیے پر امن کوششوں میں شریک ہوں گے اور بھارت کے خلاف جہاں ضرورت پڑی پر امن مظاہروں میں بھی شرکت کریں گے۔
ن لیگ جاپان کے چیئرمین ملک یونس نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی جماعتوں میں جتنے بھی اختلافات رہے ہوں، مسئلہ کشمیر پر پوری پاکستانی قوم کا مؤقف ایک ہی رہا ہے۔ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر چوہدری انصر نے مسئلہ کشمیر کے لیے ہر قسم کی قربانی دینے کے عزم کا اعادہ کیا۔
تقریب میں ن لیگ جاپان کے صدر ملک نور اعوان کے پاکستان سے تشریف لائے والد اور بھائی ملک مہر اعوان نے بھی کشمیر یکجہتی کونسل کے صدر شاہد مجید کے کشمیر کے لیے جذبے کی تعریف کی۔ تقریب کے آخر میں ن لیگ جاپان کے نائب صدر مرزا اکرم کے صاحبزادے مرزا انضمام کی یوگنڈا میں اچانک وفات پر اظہار افسوس کیا گیا اور مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کے لیے خصوصی دعا کی گئی۔
اس موقع پر مہمان سرائے کے روح رواں خالد محمود اور حافظ حامد نے تمام مہمانوں کی آمد کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ خبریں