سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ میرے سامنے بیٹھ جائے میں یہ ثابت کروںگا کہ۔۔۔ فیاض الحسن چوہان نے پیپلز پارٹی کو بڑا چیلنج دے دیا

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) ترجمان پنجاب حکومت اور صوبائی وزیر برائے جیل خانہ جات فیاض الحسن چوہا ن نے کہا ہے کہ عثمان بزدار نے انتہائی دیانتداری اور شرافت کے ساتھ صوبے کی تین سال خدمت کی ہے اور میں دعوے سے کہوں گا کہ یہ تین سالہ دور جو گزرا ہے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت سے کہیں بہتر ہے، میں چیلنج کرتا ہوں کہ سندھ حکومت کا کوئی نمائندہ میرے سامنے بیٹھ جائے میں یہ ثابت کروں گا کہ سردار عثمان بزدار نے ہر شعبہ زندگی میں سندھ حکومت سے کہیں بہتر پرفارمنس دی ہے۔کورونا وائرس کے خلاف کی جانے والی کوششوں میں عدالتوں نے باقی جماعتوں کو سمجھایا کہ آپ پنجاب حکومت کی طرح وبا سے جنگ لڑیں۔

پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی کنیزوں کا کام وزیراعظم اور عثمان بزدار کو برا کہنا ہے،فردوس عاشق اعوان سابق حکمرانوں کو جعلی کنیزوں کا کہتی تھی، میں ان لوگوں کو اصل کنیز کہتا ہوں، شہباز شریف کو مریم نواز اور پنجاب کی کنیز پر اعتبار نہیں ہے۔نیب آفس کے باہرآڈٹ رپورٹ کا واویلا مچایا گیا،عظمیٰ بخاری نوکری پکی کرنے کے چکر میں جھوٹ بول رہی ہیں۔مریم صفدر کی ترجمان کواپوزیشن کاحصہ نہیں کہوں گا نہ ہی وہ شہبازشریف کی ترجمان ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے ترجمان بے بنیاد باتیں کررہے ہیں،کبھی ہیلی پیڈ،کبھی ادویات تو کبھی کیا الزامات لگارہے ہیں،آڈیٹر جنرل کی رپور ٹ لے کر عوام کو غلط گائیڈ کیا جارہا ہے،آڈٹ رپورٹ ہر سال ہر وزارت کی آتی ہے ،یہ نہیں ہوتاکہ وزارت جوبھی کرے تو پوچھنے ولا کوئی نہ ہو،ن لیگ صرف اپنی کرپشن بچانے کےلئے تنقید کررہی ہے۔شہبازشریف نے آج پیشی پر کہا میراشوگر مل سے کوئی تعلق نہیں ،نوازشریف نے بھی یہی بات کی تھی کہ ان پرالزامات بے بنیاد ہیں،نوازشریف سے پوچھاتو انہوں نے بچوں پر ملبہ ڈالا اوربچوں نے پھر والد پرڈا ل دیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق حکمران لاتوں کے بھوت ہیں، مہنگائی کی اصل وجہ ماضی کی حکومت ہے،ان لوگوں نے پاکستان کے ہر ادارے سے دشمنی کی ہوئی ہے،5 سال میں وزیر خارجہ کا نا ہونا، ایف اے ٹی ایف کا نا ہونا مہنگائی کی وجہ ہے۔

ترجمان صوبائی حکومت کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے دور میں سرکاری گاڑیوں میں سرکاری ڈیپارٹمنٹس کے افسران سے پیسہ اکٹھا کر کے سی ایم آفس دیا جاتا تھا اور بیرون ممالک منی لانڈرنگ کی جاتی تھی۔اگلے ڈیڑھ سال میں شہباز شریف ، حمزہ شہباز اور ان کے کرتا دھرتا اپنے منطقی انجام تک پہنچنے والے ہیں۔