شاہین کی قیادت میں قلندرز مسلسل دوسری بار چیمپئن بن گئی، سسر نےکیا کہا؟


کراچی (قدرت روزنامہ)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) 8 کے فائنل میں ملتان سلطانز کو شکست دے کر لاہور قلندرز نے مسلسل دوسری بار پی ایس ایل چیمپئن بننےکا اعزاز حاصل کرلیا ہے۔
اس جیت کے بعد شاہین پی ایس ایل کے پہلے کپتان ہیں جن کی قیادت میں کسی ٹیم نے مسلسل دو بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔لاہور قلندرز کی جیت کے بعد شاہین شاہ آفریدی کے سسر اور سابق کپتان شاہد آفریدی نے بھی لاہور قلندرز کو مبارک باد پیش کی ہے۔


شاہد آفریدی نے ٹوئٹر پر شاہین کے ہمراہ لاہور کےکھلاڑیوں کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ پی ایس ایل چیمپئن بننے اورٹورنامنٹ کے دوران لاہور قلندرز جس طرح کھیلی ان کو مبارک باد، پی ایس ایل انتظامیہ کو حیران کن ٹورنامنٹ کے انعقاد پر مبارک باد، اس دوران میچز آخری وقت تک ناخن کترنے کی وجہ بنے رہے۔
شاہد آفریدی نے اپنی ٹوئٹ میں ملتان سلطانز کی کارکردگی کو بھی سراہا۔واضح رہےکہ گزشتہ روز دفاعی چیمپئن لاہور قلندرز کے کپتان شاہین آفریدی نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا ، لاہور نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ اوورز میں 200 رنز بنائے اور ملتان کو جیت کیلئے 201 رنز کا ہدف ملا، جواب میں ملتان سلطانز نے ڈٹ کر مقابلہ کیا تاہم مقررہ اوورز میں 199 رنز بناسکی اور ایک رن سے شکست کھا گئی۔
لاہور پہلی ٹیم ہے جس نے پی ایس ایل میں مسلسل دوسری بار چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔