زمان پارک سے گرفتار 102 ملزمان کا ریمانڈ منظور


لاہور (قدرت روزنامہ)جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور نے زمان پارک پولیس آپریشن میں گرفتار 102 ملزمان کا ریمانڈ منظور کر لیا۔ڈیوٹی جوڈیشل مجسٹریٹ غلام رسول نے پولیس کی درخواست پر سماعت کی۔جوڈیشل مجسٹریٹ نے 102 ملزمان کو 1 روز کے ریمانڈ پر پولیس کی تحویل میں دے دیا۔
عدالت نے ملزمان کو کل انسدادِ دہشت گردی عدالت میں پیش کرنے کا حکم بھی دے دیا۔پولیس ملزمان کو سخت سیکیورٹی میں لے کر عدالت سے واپس روانہ ہو گئی۔
زمان پارک پولیس حملہ، ایک اور مقدمہ درج
زمان پارک لاہور میں انسداد تجاوزات آپریشن کے معاملے پر پی ٹی آئی کارکنوں کی جانب سے پولیس پر حملے کا ایک اور مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، مقدمہ پولیس کی مدعیت میں درج کیا گیا۔پولیس کے مطابق مقدمہ دہشت گردی، اقدام قتل سمیت 13دفعات کے تحت درج کیا گیا ہے۔
ایف آئی آر کے متن میں کہا گیا ہے کہ پولیس ٹیم دہشت گردی عدالت سے جاری سرچ وارنٹ لے کر زمان پارک گئی، بات چیت شروع کرتے ہی 3 سو نامعلوم کارکنوں نے حملہ کر دیا، کارکنوں کو پیٹرول بم پھینکنے کی کوشش کے دوران قابو کیا۔تلاشی کے دوران زمان پارک سے رائفلیں بھی برآمد ہوئیں، کارکنوں نے سینئر قیادت کی ایماء پر پولیس پر حملہ کیا۔