معلوم نہیں بدھ کے جلسے میں کون اندر اور کون باہر ہوگا،عوام بھرپور شرکت کریں:شاہ محمود قریشی


لاہور(قدرت روزنامہ) شاہ محمود قریشی نے عوام سے بدھ کے جلسے میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجھے نہیں پتہ اس دن کون اندر اور کون باہر ہوگا، عوام کی موجودگی فیصلہ کرے گی، الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین ہوگی۔
ایوان عدل لاہور میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پوری قوم دیکھ رہی ہے کہ اسلام آباد پولیس نے رات گئے تحریک انصاف کے رہنماؤں کے گھروں پر چھاپے مارے، آپ نے کبھی تاریخ میں سرچ وارنٹ کی ایسی تعمیل دیکھی ہے؟ گھروں کے دروازے توڑے گئے، کون نہیں جانتا کہ پولیس کیسے کیسے ہتھکنڈے استعمال کرتی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے اتوار کے دن جلسے کو صرف پی ایس ایل کیلئے مؤخر کیا تھا، عمران خان کا چھٹا جلسہ مینار پاکستان میں ہونے جارہا ہے، لاہور کے لوگوں سے بدھ کو جلسے میں آنے کی گزارش کرتا ہوں، مجھے نہیں اندازہ کہ ہم میں سے کون جلسے والے دن اندر اور کون باہر ہوگا، تقریر ہو یا نہ ہو سٹیج لگے یا نہ لگے عوام کی موجودگی فیصلہ کریگی۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ اسحاق ڈار کو ملک کے ایٹمی اثاثوں کو زیر بحث لانے کی ضرورت کیوں پیش آئی، دفتر خارجہ کا بیان ناکافی ہے، عالمی دنیا میں وزیراعظم کو بیان دینا چاہیے، پاکستانی ایٹمی اثاثوں کا ذکر نہیں ہونا چاہیے، قوم اس حوالے سے سوال کرتی ہے۔پی ٹی آئی رہنماء کا کہنا ہے کہ الیکشن وقت پر نہ ہوئے تو سپریم کورٹ کے احکامات کی توہین ہوگی، آئینی حقیقت کو تسلیم کرنا ہوگا اور الیکشن 30 اپریل کو ہی ہونا چاہیے۔