آئمہ بیگ نے مقامی میگزین پر 10 کروڑ کا ہرجانہ دائر کر دیا


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان میوزِک انڈسٹری کی معروف گلوکارہ آئمہ بیگ نے خبر کو غلط انداز میں پیش کرنے پر مقامی میگزین پر 10 کروڑ کا ہرجانہ دائر کر دیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم انسٹاگرام پر انسٹا اسٹوری شیئر کرتے ہوئے گلوکارہ آئمہ بیگ نے سوشل میڈیا صارفین کو ہرجانے سے متعلق آگاہ کرتے ہوئے قانونی دستاویزات کی تصاویر شیئر کی۔
دستاویز کے مطابق گلوکارہ نے مقامی میگزین کو 2 دن کا وقت دیتے ہوئے عوامی معافی کا مطالبہ کیا بصورت دیگر 10 کروڑ کی ادائیگی کا کہا۔انہوں نے شوبز انڈسٹری میں اپنی ساتھی فنکاروں سے درخواست کی کہ وہ اس جعلی رپورٹنگ کے خلاف ان کا ساتھ دیں، انہوں نے لکھا کہ اب وقت آگیا ہے کہ ہم لفافہ صحافت اور جعلی رپورٹنگ کے خلاف کھڑے ہو جائیں۔
آئمہ بیگ کا کہنا تھا کہ میری بس ہوگئی ہے، میں خود کے لئے اور ان تمام لوگوں کے لئے کھڑی ہوئی ہوں جو ان کا اگلا نشانہ ہوں گے۔واضح رہے کہ لوکل نیوز پلیٹ فارم نے ایک خبر چلائی تھی جس میں گلوکارہ کے ایک سابقہ انٹرویو کا حوالے دیتے ہوئے دعویٰ کیا گیا تھا کہ انہیں اپنے سے 7 سال بڑے بھائی پر کرش تھا۔