اعلیٰ عدلیہ بھی ایک شخص کے آگے بے بس نظر آرہی ہے: احسن اقبال


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہےکہ آج ملک میں نظام عدل گرتا ہوا نظر آرہا ہے اور اعلیٰ عدلیہ بھی ایک شخص کے آگے بے بس نظر آرہی ہے۔اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ عمران خان خودکش بمباربن کر اس نظام کے خلاف 2 اسمبلیوں سے مستعفی ہوئے، پاکستان عمران خان کی ناقص پالیسیوں سے نکلنے کی کوشش کررہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں معاشی مسائل گھمبیر ہو چکے ہیں، آئی ایم ایف سے معاہدہ حتمی مراحل میں پہنچ چکا ہے جب کہ عمران خان نے ماضی میں آئی ایم ایف ڈیل کو نقصان پہنچایا۔
احسن اقبال کا کہنا تھاکہ آج ملک میں نظام عدل گرتا ہوا نظرآرہا ہے، اعلیٰ عدلیہ بھی ایک شخص کے آگے بے بس نظر آرہی ہے، عمران احمد نیازی دباؤ کے ذریعے عدالتوں سے اپنی پسند کے فیصلے لے رہا ہے، جو فراخدلی عمران نیازی سے کی جارہی ہے وہ عام سائل سے بھی کی جائے۔