موٹر سائیکل اور 800 سی سی سے چھوٹی گاڑی والوں کو پیٹرول 100 روپے لیٹر سستا کیسے ملے گا؟
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)موٹر سائیکل والوں اور 800 سی سی تک کی گاڑی والوں کو پیٹرول سو روپے لیٹر سستا ملے گا،حکومت نے تیاری کر لی، اسکیم 6 ہفتوں میں سامنے آ جائے گی۔
وزیر مملکت مصدق ملک نے جیو نیوز کے پروگرام آج شاہ زیب خانزادہ کیساتھ میں بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ غریبوں کو سستا پیٹرول دینے کے لیے امیروں کے لیے پیٹرول مزید 50 روپے لیٹر مہنگا کر دیا جائے گا۔
حکومت کیجانب سے 100 روپے سستا پیٹرول کیسے ملے گا؟
مصدق ملک نے کہا کہ سستا پیٹرول صرف رجسٹریشن والی موٹر سائیکلوں اور گاڑیوں پر ملے گا جس سے ڈاکیومنٹیشن کی بھی حوصلہ افزائی ہو گی۔انہوں نے بتایا کہ سبسڈی حاصل کرنے والا شخص پیٹرول پمپ پر اپنا شناختی کارڈ اور ون ٹائم پاس ورڈ دکھا کر سستا پیٹرول حاصل کر سکے گا، ایک وقت میں صرف دو سے تین لیٹر سستا پیٹرول مل سکے گا۔
مصدق ملک کے مطابق موٹر سائیکل والے ماہانہ 21 لیٹر پیٹرول استعمال کرتے ہیں، انہیں 21 لیٹر پیٹرول سستا ملے گا،21 لیٹر سے زیادہ استعمال کرنے پر پوری قیمت دینی پڑے گی۔