عمران خان چالاک ہیں اور جھوٹ بولنے میں مہارت رکھتے ہیں: جنرل (ر) باجوہ


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)سابق آرمی چیف جنرل ریٹائرڈ قمر جاوید باجوہ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو چالاک آدمی قرار دے دیا۔ایک انٹرویو میں سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ عمران خان جھوٹ بولنے میں بہت مہارت رکھتے ہیں اور لوگ اس پر یقین کرلیتے ہیں۔
صحافی شاہد میتلا کی رپورٹ کے مطابق جنرل ریٹائرڈ باجوہ نے اس سوال پر کہ کراچی میں مریم نواز کے کمرے کا دروازہ توڑنے کا حکم کس نے دیا تھا؟ انہوں نے کہا کہ بریگیڈئیر حبیب اس وقت سیکٹر کمانڈر تھے، جنرل فیض نے مقدمہ درج کرنے کا کہا مگر نچلے لیول پر کچھ زیادہ ہوگیا، ہم نے ذمہ دار افسر کو ہٹا دیا تھا۔
اعظم سواتی اور شہبازگل کو ننگا کرنے کے الزام پر جنرل (ر) باجوہ نے کہا ان کا ان واقعات سے کوئی تعلق نہیں، بعض اوقات ایجنسیوں میں شاہ سے زیادہ شاہ کے وفادار بننے کی کوشش ہوتی ہے، یہ سب نچلی سطح پر ہوتا ہے۔ایک سوال کے جواب میں سابق آرمی چیف نے کہا کہ شیخ رشید سے زندگی میں صرف دو بار ملاقات ہوئی ہے ، شیخ رشید نے کہا تھا کہ عمران خان سے حکومت نہیں چل رہی جنرل صاحب کچھ کریں۔