آئی ایم ایف تاحال مطمئن نہ ہوسکا، پاکستان کا مطالبے پر شرح سود مزید بڑھانے کا فیصلہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان کے پیشگی اقدامات سے آئی ایم ایف تاحال مطمئن نہ ہوسکا۔اسٹیٹ بینک کے ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف کو مطمئن کرنے کے لیے شرح سود مزید بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا ہے کیونکہ آئی ایم ایف نے شرح سود 4 فیصد تک بڑھانے کا مطالبہ کیا تھا اور پاکستان نے ایک ہی مرتبہ 4 فیصد اضافے سے انکار کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے 2 قسطوں میں شرح سود مہنگائی کے حساب سے متعین کرنےکی یقین دہانی کرائی تھی لیکن آئی ایم ایف نے نشاندہی کی تھی کہ پاکستان میں شرح سود مہنگائی کے حساب سے کم ہے۔
ذرائع کےمطابق آئی ایم ایف کا شرح سود میں کم از کم 2 فیصد اضافے کے لیے دباؤ ہے جس کے باعث اسٹیٹ بینک شیڈول سے قبل ہی 4 اپریل کو مانیٹری پالیسی کمیٹی کا اجلاس بلائے گا جس میں مانیٹری پالیسی کمیٹی شرح سود کا جائزہ لے گی۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ آئی ایم ایف قرض پروگرام بحال کرنے کے لیے شرح سود مزید 2 فیصد بڑھنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق پاکستان نے آئی ایم ایف سے 4 مرتبہ ایم ای ایف پی پر اتفاق کیا اور پاکستان کا آئی ایم ایف کے ساتھ اسٹاف لیول معاہدہ 9 فروری کو ہونا تھا۔