کنڈے 6 لاکھ سے 30، 40 ہزار پر لے آئے :سی ای او کے الیکٹرک
کراچی (قدرت روزنامہ)کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی کا کہنا ہے کہ کراچی میں کنڈا کلچر کو کم کیا ہے، 5 سال میں بجلی چوری کے کنڈے 5، 6 لاکھ سے 30، 40 ہزار پر لے آئے ہیں۔اسلام آباد میں کے الیکٹرک کے سی ای او مونس علوی نے بریک فاسٹ ود جنگ میں شرکت کی اور تقریب سے خطاب بھی کیا۔
ان کا کہنا ہے کہ کراچی میں کام کرنا مشکل بھی ہے اور آسان بھی، این ٹی ڈی سی سے سستی بجلی خرید کر مہنگی بیچنے کا تاثر درست نہیں، کے الیکٹرک کی وصولی کی شرح 96 فیصد ہے۔سی ای او کے الیکٹرک مونس علوی نے کہا کہ کے الیکٹرک کو آگے لے جانے کی کوشش جاری ہے، معیشت میں کراچی کا بڑا حصہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ کراچی 42 فیصد تک کچی آبادی پر مشتمل ہے، بجلی صارف کا حق ہے، ہم کوئی احسان نہیں کر رہے، ہم نے کسٹمرز بیس ڈبل کر دیا ہے۔مونس علوی نے بتایا کہ کے الیکٹرک میں 484 ارب روپے کی سرمایہ کاری کا پلان نیپرا کو جمع کرایا ہے، ادارے کے ترسیلی و تقسیمی نقصانات 38 فیصد سے کم کر کے 15.3 فیصد پر لائے ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا ہے کہ آئندہ 5 سال تک مقامی ذرائع سے بجلی کی پیداوار کو 40 فیصد تک لے جائیں گے، درآمدی مہنگے فیول سے بجلی کی پیداوار میں 50 فیصد کمی لائیں گے۔سی ای او کے الیکٹرک کا یہ بھی کہنا ہے کہ کے الیکٹرک کی اپنی پیداوار 2400 میگا واٹ ہے، ہماری پیک ڈیمانڈ 4 ہزار میگا واٹ تک جاتی ہے۔