اسلام آباد(قدرت روزنامہ) یوم پاکستان کے موقع پر ایوان صدر اسلام آباد میں سول اعزازات دینے کی تقریب منعقد کی گئی جس میں ہر شعبے سے منسلک افراد کو بہترین کارکردگی دکھانے پر میڈل سے نوازا گیا . پنجاب، بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے گورنر ہاؤس میں بھی اعزازات دینے کی تقریبات ہوئیں .
صحافت کے شعبے میں گراں قدر خدمات پر دنیا نیوز کے پروگرام ’’نقطہ نظر‘‘ کے سینئر تجزیہ کار اور سینئر صحافی مجیب الرحمان شامی کو ہلال امتیاز سے نوازا گیا، جاوید چودھری اور ندیم ملک بھی ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں شامل ہیں . مرحوم شاعر اور ادیب امجد اسلام امجد کا ایوارڈ ان کے بیٹے نے وصول کیا، مشہور شاعر ساغر صدیقی کو بھی ستارہ امتیاز بعد از وفات دیا گیا، ان کا ایوارڈ سیکرٹری وزارت قومی ورثہ نے وصول کیا .
پی کے ایل آئی کے بورڈ آف گورنرز کے چیئرمین ڈاکٹر سعید اختر اور معروف سماجی رہنما رمضان چھیپا کو بھی اعزاز سے نوازا گیا . معروف علمی شخصیت ڈاکٹر انیس احمد اور عالم دین مولانا حنیف جالندھری کو بھی اعزاز سے نوازا گیا . معروف اداکار بہروز سبزواری، میزبان اور گلوکار فخر عالم اور پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابراعظم بھی اعزاز پانے والوں میں شامل ہیں، سکواش لیجنڈ جہانگیر خان اور جان شیر خان کو بھی اعزاز سے نوازا گیا .
گورنر سندھ کامران خان ٹیسوری کو بھی نشان امتیاز سے نوازا گیا . ان کے علاوہ عوامی خدمات کے اعتراف میں سرتاج عزیز، میر حاصل بزنجو، رئیس الاحرار، چودھری غلام عباس خان مرحوم، جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس (آنجہانی) کو اور احمد غلام علی چھاگلہ (مرحوم) کو موسیقی کے فن، صوفی غلام مصطفی تبسم (مرحوم) کو شاعری، محمد قوی خان کو ڈرامہ، فلم اور سٹیج اداکاری میں کارہائے نمایاں سرانجام دینے پر نشان امتیاز سے نوازا گیا، اداکار سہیل احمد نے ان کا ایوارڈ وصول کیا .
صدر مملکت نے عامر نواز خان شہید ، محمد کامران شہید ، کرنل ریٹائرڈ محمد عارف ، محمد عثمان شہباز، ڈاکٹر کامران احمد، شیر احمد (فیصل بلوچ)، تنویر حسین، امجد احمد ، مظہر نوازشیخ ، بشیر احمد بروہی ، فرنٹیئر کانسٹیبلری کے ذیشان احمد ، نوید احمد، ضیاء الرحمان ، شہید جاوید اللہ ، ڈاکٹر اکبر ناصر انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد ، سہیل ظفر چٹھہ ، صادق شاہ ، راجہ محمد ماجد ، محمد بلال راجہ ، مبشرسلیم ، منہاس احمد خان ، اعجاز حفیظ ، عقیل احمد صدیقی سمیت وسیم احمد خان کو بہادری پر تمغہ شجاعت سے نوازا .