عمران کی “مجھے قتل کرنے کی سازش” من گھڑت بیانیے کے سوا کچھ نہیں: شیری رحمان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیر و رہنما پیپلز پارٹی شیری رحمان نے کہا ہے کہ عمران خان کے مبینہ قتل کی منصوبہ بندی کے بیانات کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیری رحمان کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی سنجیدہ الزام ہے جس کے ثبوت پیش کرنے کی ذمہ داری عمران خان پر عائد ہوتی ہے، عدالت عمران خان سے ثبوت طلب کرے، اس سے پہلے بھی وہ سنجیدہ نوعیت کے الزامات لگا کر سیاسی بیانیہ بناتے رہے ہیں۔


انہوں نے کہا کہ گزشتہ انتخابات میں عمران خان نے دھاندلی اور کرپشن کے الزامات لگا کر جھوٹا سیاسی بیانیہ بنایا تھا، اس بار انتخابات میں ان کو نئے بیانیے کی ضرورت ہے، ’’مجھے قتل کرنے کی سازش‘‘ بھی ’’بیرونی سازش‘‘ کی طرح بے بنیاد اور من گھڑت سیاسی اور انتخابی بیانیے کے سوائے کچھ نہیں۔
رہنما پیپلز پارٹی کا مزید کہنا تھا کہ اگر ان الزامات میں صداقت ہوتی تو قتل کی سازش کرنے والوں کے نام ویڈیو میں ریکارڈ کرنے کے بجائے عدالت کے سامنے رکھتے، یہ انتخابات سے پہلے لوگوں کی ہمدردیاں حاصل کرنے کیلئے بیانیہ بنا رہے ہیں، بغیر ثبوت کے یہ الزامات انتخابی مہم کے سوائے کچھ نہیں۔


یاد رہے کہ چند روز قبل عمران خان نے ویڈیو لنک خطاب میں الزام عائد کیا تھا کہ انہیں بھی مرتضیٰ بھٹو کی طرح قتل کیا جا سکتا ہے، آئی جی پنجاب اور آئی جی اسلام آباد نے ان کے قتل کا منصوبہ بنایا ہے۔