عمران خان نے پہلے امریکا پر سازش کا الزام لگایا، اب لابنگ کروا رہے ہیں: خواجہ آصف


اسلام آباد (قدرت روزنامہ) وفاقی وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ عمران خان نے چند ماہ قبل اپنی حکومت کے خلاف سازش کا الزام امریکا پر لگایا اور اب وہ لابنگ کروا کر امریکی عہدیداروں سے اپنے حق میں بیانات دلوا رہے ہیں، عمران خان نے صدر مملکت کے ذریعے سابق آرمی چیف جنرل باجوہ کو توسیع کی آفر کی۔
وزیر دفاع خواجہ آصف نے وفاقی وزیر مریم اورنگزیب کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کسی سیاسی ورکر کویہ زیب نہیں دیتا کہ وہ بیرونی مدد کے لیے مہم چلائے، جو لوگ امریکا سے بیانات دے رہے ہیں انہیں حقیقی صورتحال بھی دیکھنی چاہیے، انہیں کشمیر اور فلسطین میں ہونے والے مظالم کے بارے میں بات کرنی چاہیے، عمران خان ایک مایوس آدمی ہیں اور وہ پرتشدد کارروائیوں پر یقین رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان نے غیر آئینی طور پر اسمبلی توڑی، ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد آئینی طریقے سے لائی گئی، عمران خان نے تحریک عدم اعتماد کے بعد غیر قانونی اقدامات کئے، تحریک انصاف کا منفی رویہ سب کے سامنے ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان بضد ہیں کہ عدالتوں کے سامنے پیش نہیں ہونا، یہ اور ان کے کارکن عدالتوں کو تضحیک کا نشانہ بنا رہے ہیں، یہ جتھوں کو لے کر عدالت پہنچتے ہیں، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا غیر قانونی اقدام کسی سیاستدان نے نہیں کیا، سیاست دانوں نے پروقار انداز میں سیاست کی۔
خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ عمران خان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کو نشانہ بنایا گیا، ان کے دور حکومت میں ن لیگ کی قیادت کی گرفتاریاں کی گئیں، اسی دور میں مجھے بھی گرفتار کیا گیا، 3 سال تک میرے اہل خانہ عدالتوں کا سامنا کرتے رہے، عمران دور میں جیسے اپوزیشن کو انتقام کانشانہ بنایا گیا ایسا کسی جمہوری دور میں نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان اپنے قتل کے بارے میں ایک نیا سازشی بیانیہ بنا رہے ہیں، معاشی حالات ایک برس میں 2 مرتبہ الیکشن کی اجازت نہیں دیتے، انتخابات کے بارے میں الیکشن کمیشن نے جو فیصلہ کیا ہے، اسے اس کا آئینی حق حاصل ہے، اب اگر تحریک انصاف عدالت میں جاتی ہے تو اس کا فیصلہ وہیں ہوگا، قومی انتخابات اکتوبر میں اپنے وقت پر ہوں گے۔