غدارِ وطن مینارِ پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کے لیے استعمال کر رہا ہے، رانا ثناء


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناء اللّٰہ نے کہا ہے کہ غدارِ وطن مینارِ پاکستان جیسی پاک جگہ کو اپنے جھوٹ کے لیے استعمال کر رہا ہے۔اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے خلاف کام کرنے والے ایجنٹ کو مینارِ پاکستان پر جلسے کی اجازت نہیں ہونی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پہلےامریکی لابی فرموں سے تو حقیقی آزادی حاصل کرلو، امریکا سے نہیں ڈرتا سے لے کر میری جان کو خطرہ ہے کا جھوٹ بولا گیا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ عمران خان آئین، قانون، سچائی، توشہ خانہ، فارن فنڈنگ، ٹیریان نیازی کیسز سے حقیقی آزادی چاہتے ہیں۔
رانا ثناء اللّٰہ نے کہا کہ عمران خان ہر ادارے اور اس کے سربراہ کو اپنا غلام بنانے کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، اس کی حقیقی آزادی کے مناظر ڈی چوک پر پوری قوم پہلے ہی دیکھ چکی ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک بار پھر ملک میں لوٹ مار کی حقیقی آزادی چاہتے ہیں، عمران نیازی کی امریکا سے اوپر سے لڑائی ہے، اندر سے بھائی بھائی ہیں۔