عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں، سعد رفیق


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اقتدار کے لیے فاشسٹ عمران خان شیاطین سے بھی اتحاد کر لیتے ہیں۔سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر خواجہ سعد رفیق نے لکھا ہے کہ 2018ء میں عمرانی حکومت مسلط نہ کی جاتی تو پاکستان دنیا کی ابھرتی معیشت بن گیا ہو تا، تمہاری 4 سال کی حکمرانی نے معاشی بنیادیں ہلا دیں۔
انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے لکھا ہے کہ تمہاری 4 سال کی حکمرانی سے ملکی سالمیت کو شدید خطرات لاحق ہو گئے، عمران حکومت نے اپنی نالائقی سے پاکستانیوں کو غیر ملکی قرضوں کے ریکارڈ بوجھ تلے دبا دیا۔وفاقی وزیر نے لکھا ہے کہ اسٹیبلشمنٹ کے سابقہ منظورِ نظر عمران خان اب اینٹی پاکستان طاقتوں کے لیے بطور مہرہ استعمال ہو رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کی خفیہ فارن فنڈنگ پاکستان کے قومی مفادات کے خلاف استعمال ہو رہی ہے، شخصی اقتدار کے لیے عمران خان پاکستانیوں کو ابدی غلامی کی زنجیریں پہنانا چاہتے ہیں۔


وفاقی وزیر نے اپنے ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ پاکستان میں گمراہی اور نفرت پھیلانے کے لیے فارن فنڈنگ کے بل پر زہریلا پروپیگنڈا پھیلایا گیا۔انہوں نے مزید لکھا ہے کہ دشمنوں کے ہاتھوں میں کھیلنے والے کو کپتانی واپس نہیں ملے گی، سلیکٹڈ کا جھٹکا ہوا تو الیکٹڈ کی یاد آئی۔
اپنے ٹوئٹ میں سعد رفیق نے یہ بھی کہا ہے کہ چیخنا چلانا قلابازیاں لگانا کچھ کام نہیں آئے گا، ظُلم، جھوٹ، سازش، لوٹ مار کا حساب دیے بغیر جان نہیں چھوٹے گی، فارن فنڈڈ فتنے کا راستہ روکا جائے گا۔