گجرات (قدرت روزنامہ)چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان کے بعد بھارت میں بھی اپوزیشن جماعت کی ایک رہنما نے اپنی تقریر میں میر جعفر لفظ استعمال کیا . بھارت میں اپوزیشن جماعت کانگریس کی رہنما پریانکا گاندھی نے وزیرِ اعظم نریندر مودی پر سخت تنقید کی ہے .
بھارتی میڈیا کے مطابق راہول گاندھی کی نااہلی کے خلاف ہونے والے مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے ان کی بہن پریانکا گاندھی نے راہول گاندھی کو شہید کا بیٹا قرار دیتے ہوئے کہا کہ بی جے پی ہر روز ان کی توہین کرتی ہے یہاں تک کہ ان کے خاندان کو بھی نہیں بخشا گیا .
انہوں نے کہا کہ آپ میرے بھائی کو غدار اور میر جعفر کہتے ہیں، آپ اس کی ماں کی توہین کرتے ہیں، آپ کے وزیرِ اعلیٰ کہتے ہیں کہ راہول گاندھی کو نہیں معلوم کہ اس کی ماں کون ہے . پریانکا گاندھی نے کہا کہ آپ روز میرے خاندان کی توہین کرتے ہیں لیکن اس پر کوئی مقدمہ درج نہیں کیا جاتا .
واضح رہے کہ 2 دن قبل لوک سبھا نے راہول گاندھی کو نااہل قرار دیا تھا . راہول گاندھی کو ہتکِ عزت کے کیس میں ریاست گجرات کے شہر سورت کی عدالت نے 2 سال قید کی سزا سنا کر ان کی ضمانت منظور کر لی تھی .