ہماری لڑائی ملک کا خرانہ لوٹ کر باہر جانے والوں سے ہے، شیخ رشید احمد


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ ہماری لڑائی ملٹری اسٹیبلشمنٹ سے نہیں بلکہ ملک کا خرانہ لوٹ کر باہر جانے والوں کے خلاف ہے۔ تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں شیخ رشید احمد نے کہا کہ اصل خوف عمران خان کی مقبولیت ہے باقی سب بہانے ہیں، انگریز نے 1940 میں مینار پاکستان پر پابندی نہیں لگائی ان کے ایجنٹوں نے نا صرف کنٹینر لگائے بلکہ سارے راستے سیل کر دیئے، اس کے باوجود میلوں سفر کر کے لوگ جلسہ گاہ پہنچے۔


سابق وزیر داخلہ نے کہا کہ سعودی عرب نے ادھار تیل کی سہولت 8 ماہ میں ہی ختم کر دی ہے، یو اے ای منہ نہیں لگا رہا، شدید معاشی بحران دروازے پر آگیا ہے، جو یہ سوچ رہے ہیں کہ ہم سب ٹھیک کر لیں گے وہ ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے کر جا رہے ہیں، ملک نے آئین کے ساتھ چلنا ہے یا بدمعاشوں کے ساتھ اس کا فیصلہ سپریم کورٹ نے کرنا ہے، سپریم کورٹ پیش ہوں گا۔

شیخ رشید احمد نے کہا کہ آئی ایم ایف تو کیا جنیوا ڈونر کانفرنس سے بھی کچھ نہیں مل رہا، آٹے کے لیے زندگی موت کی لائن لگی ہوئی ہے، جو کشمیر کی جدوجہد آزادی سے نا آشنا ہیں انہوں نے گلگت بلتستان کی پولیس پر صوبے سے باہر جانے پر پابندی لگا دی، مینار پاکستان کا جلسہ ناکام کرنے کے لئے تھریٹ الرٹ جاری کیا انٹرنیٹ بند اور گرفتاریاں کیں۔