انتخابات کی تیاریوں کیلئے عمران خان نے پارٹی الیکشن سیل قائم کر دیا


لاہور(قدرت روزنامہ) چیئرمین پاکستان تحریک انصاف و سابق وزیراعظم عمران خان نے انتخابات کی تیاریاں جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے انتخابی امور کے لیے پارٹی کا الیکشن سیل قائم کر دیا، ہمایوں اختر خان کو پی ٹی آئی الیکشن سیل کا فوکل پرسن مقرر کیا گیا ہے۔
پی ٹی آئی کے الیکشن سیل میں اعجاز چودھری، ریاض فتیانہ، رائے عزیز اللہ بطور ممبر کام کریں گے، پارٹی الیکشن سیل انتخابات کے حوالے سے تکنیکی امور کو دیکھے گا، ووٹر لسٹوں، بلاک کوڈز اوردیگر تکنیکی معاملات پر امیدواروں کی معاونت بھی کرے گا۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا کہنا ہے کہ الیکشن سیل بھرپور اندازسے انتخابی امور سے پارٹی قیادت اور امیدواروں کو آگاہ رکھے گا، آئین کے مطابق انتخابات ہو کر رہیں گے۔سابق وزیر اعظم نے مزید کہا کہ حکمرانوں کو اس سے بھاگنے نہیں دیں گے، حکمرانوں کو آئین سے انحراف کر کے انتخابی عمل سبوتاژ کرنے کے خلاف آئینی قانونی اورسیاسی محاذ پر جدوجہد کریں گے۔