ان لوگوں پر حیران ہوں جنہوں نے عمران خان کو لیڈر مانا ہوا ہے، سعد رفیق


لاہور (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ ایک آدمی کے حکم پر دو صوبائی اسمبلیاں توڑدی گئیں، ان لوگوں پر حیران ہوں جنہوں نے عمران خان کو لیڈر مانا ہوا ہے۔لاہور کے ریلوے ہیڈکوارٹرز میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے سعد رفیق نے کہا کہ 3 ایئر پورٹس کی آؤٹ سورسنگ پر کام جاری ہے، کراچی، اسلام آباد اور لاہور کے ایئر پورٹ آؤٹ سورس کیے جا رہے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پشاور سے کراچی تک براستہ پنڈی نئی کارگو ٹرین چلانا چاہ رہے ہیں، ریلوے نے فریٹ کرایوں میں 10 سے 15 فیصد کمی کا فیصلہ کیا ہے۔سعد رفیق کا کہنا ہے کہ بجلی کی چوری کم کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کر رہے ہیں، ہمیں مل کر مقابلہ کرنا ہے، بہت جگہوں پر دباؤ ہے۔
مسلم لیگ ن کے رہنما نے کہا کہ ہر ٹرین کا اسٹاپ اب 2 منٹ کے بجائے 3 سے 4 منٹ کر دیا گیا ہے، پنشن کا بوجھ اتار دیا جائے تو ریلوے خسارے سے خود بخود نکل آئے گا۔