ہاں میرے ساتھ کام کرنا مشکل ہے، نازش جہانگیر
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)پاکستان شوبز انڈسٹری کی اداکارہ نازش جہانگیر نے تنقید کرنے والے ساتھی فنکار کو کرارا جواب دے دیا۔اداکارہ نازش جہانگیر نے حال ہی میں ایک پروگرام میں شرکت کی، جس میں انہوں نے مختلف امور پر کھل کر بات کی۔دل ٹوٹنے کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ایک ہی دل ہے کتنی بار ٹوٹے گا، یہ اس وقت ٹوٹ چکا جب امی اس دنیا سے رخصت ہوئی تھی، اب کوئی اور غم اتنا بڑا نہیں کہ اس کی جگہ لے سکے۔
ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر اپنے اوپر تنقید کرنے والے ساتھی فنکار کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ میں اپنی ادائیگیوں کے حوالے سے بہت اصول پسند ہوں، اگر کوئی مجھے تنگ کرتا ہے تو میں اسے تنگ کرتی ہوں۔ اگر آپ میرے ساتھ ٹھیک ہیں میرے پیسے ٹائم پر دے رہے ہیں تو میں بھی اُن کے ساتھ ٹھیک ہوں اسی وجہ سے کچھ لوگ کہتے ہیں کہ میرے ساتھ کام کرنا مشکل ہے، ہاں میرے ساتھ کام کرنا مشکل ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر پروڈکشن مجھے وقت پر ادائیگی نہیں کرتی ہے تو میں بھی پھر شوٹ پر نہیں جاتی، کیونکہ میں اپنی محنت کی کمائی کا مطالبہ کر رہی ہوں، اگر میں وقت پر آتی ہوں تو میرا چیک بھی مجھے وقت پر ملنا چاہیے، ہاں اگر میں سیٹ پر دیر سے آؤں تو پھر ان کا حق ہے کہ میرا پے چیک دیر سے دیں۔خیال رہے کہ گزشتہ دنوں پی ایس ایل کے حوالے سے ایک گیم شو میں اداکار فہد شیخ نے ایک سوال کے جواب میں کہا تھا کہ اداکارہ نازش جہانگیر کے ساتھ کام کرنا مشکل ہے۔