مغربی ہواؤں کے نئے سلسلے کے تحت کراچی میں بدھ کو بارش کا امکان


کراچی(قدرت روزنامہ) مغربی ہواؤں کا ایک تازہ سلسلہ 28 مارچ سے مغربی بلوچستان میں داخل ہونے کا امکان ہے جس کے باعث بدھ کو کراچی میں ہلکی اور درمیانی شدت کی بارش کا امکان ہے۔محکمہ موسمیات نے 28 سے 31مارچ کے دوران تیز ہواؤں اور بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے مطابق مغربی ہوائیں منگل کو ملک کے مغربی علاقوں میں داخل ہوں گی۔ مغربی ہوائیں 29مارچ کو ملک کے بالائی اور وسطی علاقوں تک پھیل جائیں گی جو 31مارچ تک موجود رہیں گی۔
مغربی ہواؤں کے باعث 28 سے 31مارچ کے دوران نوکنڈی، دالبندین، کوئٹہ، ژوب، بارکھان، ہرنائی، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، چمن، پشین، سبی، لورالائی، قلات، خضدار، لسبیلہ، پنجگور، آواران اور کیچ میں بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق 29 سے 31مارچ کو ڈیرہ غازی خان، راجن پور، بھکر، لیہ، ملتان، ساہیوال، اوکاڑہ، پاکپتن، خانیوال، بہاولنگر، بہاولپور، رحیم یارخان، سکھر اور جیکب آباد میں بارش کا امکان ہے جبکہ شہید بے نظیر آباد، میرپور خاص، حیدرآباد، کراچی میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش اور ژالہ باری کا امکان ہے۔
اسی طرح 28 سے 31مارچ کے دوران کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، پونچھ، ہٹیاں، باغ، کوٹلی، بھمبر، میر پور، دیامیر، استور، اسکردو، ہنزہ، گلگت، گانچھے، شکر، کرم، وزیرستان، کوہاٹ، کرک، بنوں، ڈی آئی خان، چترال، دیر، سوات، مانسہرہ اور شانگلہ میں بارش ہوگی۔
ہری پور،ایبٹ آباد، اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، اٹک، چکوال، جہلم، خوشاب، میانوالی، سرگودھا، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، نارروال، لاہور، فیصل آباد، ٹوبہ ٹیک سنگھ اور شیخوپورہ میں بھی بارش متوقع ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق یکم اپریل کو مغربی ہواؤں کی ایک اور لہر ملک کے مغربی اور بالائی علاقوں میں داخل ہوگی، نئی لہر کے دوران خیبر پختونخوا، بالائی پنجاب، اسلام آباد، کشمیر اور گلگت بلتستان میں بارش جبکہ پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔