عمران خان کو ضمانتیں ملنے کا ریکارڈ قائم ہوچکا ہے، خورشید شاہ
اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیر آبی وسائل خورشید شاہ نے کہا ہے کہ عمران خان کوضمانتیں ملنے کا ریکارڈ قائم ہوچکا ہے، جلد یا بدیر عمران خان کو انصاف کے کٹہرے میں آنا ہوگا ۔وفاقی وزیر خورشید شاہ نے جیو نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کو صادق اور امین کا ٹائٹل بھی واپس کرنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان نے اپنےدور میں سیاستدانوں پر جھوٹے مقدمات بنوائے اور پھر برسوں ضمانتیں نہ ہونے دیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ضمانتوں کا ریکارڈ اس لئے قائم ہوا کہ طاقت کےکچھ دیوتا عمران خان پر مہربان ہیں۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان کے ہر شہری کیلئے انصاف کے فوری اور یکساں نظام کیلئے اقدامات ہونے چاہئیں۔خورشید شاہ نے کہا کہ ترازو کے پلڑے سب کیلئے برابر ہونے تک ملک انتشار اور افراتفری کا شکار رہے گا۔