پاکستان کی مسجد اقصیٰ اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعات کی شدید مذمت


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) پاکستان کی جانب سے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے اور ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کرنے کے واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ ماہ مقدس میں مسجد اقصیٰ سے نمازیوں کو نکالنا اور مسجد کا تقدس پامال کرنا انتہائی قابل مذمت ہے، ایسی کارروائیاں فلسطینی عوام کے مذہبی آزادی جیسے بنیادی حقوق کی صریحاً خلاف ورزی ہے، عالمی برادری بالخصوص رواں سال کے آغاز سے شروع ہونے والی اسرائیلی جارحیت کو رکوائے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ہالینڈ میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے ایک اور گھناؤنے فعل کی بھی شدید مذمت کرتا ہے، نفرت انگیز کارروائیاں نسل پرستانہ، غیر انسانی اور اسلاموفوبیا کا نتیجہ ہیں، ایسے واقعات کا بار بار ہونا اس قانونی فریم ورک پر سوالیہ نشان لگاتا ہے۔
ترجمان نے مزید کہا پاکستان سمجھتا ہے کہ اظہار رائے کی آزادی ذمہ داریوں کے ساتھ آتی ہے، یہ قومی حکومتوں اور عالمی برادری کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس طرح کی گھناؤنی کارروائیوں کو روکیں، مذہبی منافرت اور تشدد کو ہوا دینے والے عناصر کی حوصلہ شکنی کرنے کی ضرورت ہے۔