بالی ووڈ اسٹارز کے بچے اس غلط فہمی میں بڑے ہوجاتے ہیں کہ وہ بہت ’ٹیلنٹڈ‘ ہیں، کنگنا رناوت


ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ کنگنا رناوت نے کہا ہے کہ بالی ووڈ اسٹارز کے بچے اس غلط فہمی میں بڑے ہوجاتے ہیں کہ وہ بہت ’ٹیلنٹڈ‘ ہیں۔ کنگنا رناوت نے انڈسٹری میں ہونے والی گروہ بندی اور اقربا پروی سے متعلق مایاناز گلوکار اے آر رحمان کا ماضی کا بیان شیئر کرتے ہوئے ردعمل کا اظہار کیا ہے۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر کنگنا رناوت نے اے آر رحمان کے ماضی میں دیئے گئے ایک انٹرویو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے متعدد ٹوئٹ کئے۔واضح رہے کہ گلوکار اے آر رحمان سے ماضی میں ایک انٹرویو میں پوچھا گیا تھا کہ وہ بالی ووڈ کی بجائے تامل فلموں کے لئے گلوکاری کیوں کرتے ہیں۔
اے آر رحمان کا کہنا تھا کہ وہ اچھی فلموں کو کبھی منع نہیں کرتے تاہم ان کے خلاف ایک گروہ منظم ہے جو ان کے خلاف جھوٹی افواہیں پھیلاتا ہے اور مجھے مداحوں کی توقعات پر پورا اُترنے سے رُوکتا ہے لیکن مجھے تقدیر پر یقین ہے کہ سب کچھ اللہ کی طرف سے عطا کردہ ہے۔


اداکارہ نے اے آر رحمان کے اس انٹرویو کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے اپنا ردعمل ظاہر کیا کہ بالی ووڈ اسٹارز کے بچے اس غلط فہمی بڑے ہوجاتے ہیں کہ وہ بہت ’ٹیلنٹڈ‘ ہیں۔ ان کے والدین ان کے ہر لفظ اور ہر اقدام کی اس قدر تعریف کرتے ہیں کہ وہ اس جھوٹ پر یقین کرنے لگ جاتے ہیں کہ ٹیلنٹ ان کی میراث ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ یہ گمان اُس وقت تک قائم رہتا ہے جب تک کوئی حقیقی باصلاحیت انسان اُبھر کرسامنے نہیں آجاتا اور انہیں احساس نہیں دلاتا کہ اصل صلاحیت کیا ہے، وہ ان کے اُس گمان کو چیلنج کرتا ہے جس پر وہ بچپن سے یقین کرتے آئے تھے۔
انہوں نے ایک اور ٹوئٹ کرتے ہوئے مزید لکھا کہ سچ پوچھیں تو وہ حسد کا شکار ہوجاتے ہیں جس کا شکار تمام نااہل، نادان، غیر حقدار لوگ ایسی صورت حال میں اکثر ہوجاتے ہیں۔ پھر وہ گروہ بندی کرتے ہیں اور اُس حقیقی صلاحیت رکھنے والے شخص کو ہراساں کرتے ہیں یہاں تک کہ اس کی جان تک لے لیتے ہیں۔