ممبئی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے چھوٹے نواب سیف علی خان کی بیٹی اداکارہ سارہ علی خان شاہی خاندان سے تعلق ہونے کے باوجود خود کو ممبئی کی ایک عام لڑکی سمجھتی ہیں . واضح رہے کہ سارہ علی خان اداکار سیف علی خان اور امریتا سنگھ کی بیٹی اور ماضی کی اداکارہ شرمیلا ٹیگور اور پٹودی خاندان کے آخری نواب منصور علی خان کی پوتی ہیں .
ان کے پردادا برطانوی حکومت کے دوران پٹودی کی شاہی ریاست کے آخری حکمران تھے . سارہ علی خان نے حال ہی میں شاہی خاندان سے تعلق کے باوجود ممبئی میں عام بچوں کی طرح پرورش پانے اور سادہ زندگی گزارنے کے بارے میں بات کی .
بھارتی میڈیا کو انٹرویو دیتے ہوئے سارہ نے کہا کہ جب لوگ مجھے شاہی خاندان کی رکن کے طور پر دیکھتے ہیں تو مجھے یہ مضحکہ خیز لگتا ہے، میں اپنے آپ کو شاہی خاندان کے رکن کے طور پر نہیں دیکھتی .
انہوں نے کہا کہ میں نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ ممبئی کے علاقے جوہو میں اپنی والدہ کے ساتھ گزارا ہے، میں اپنے والد سیف علی خان سے ملنے باندرا جاتی ہوں، میں ہماچل پردیش ،کیدارناتھ اور جموں و کشمیر میں چھٹیاں گزارتی ہوں، مجھے نہیں معلوم کہ شاہانہ کا مطلب کیا ہے . واضح رہے کہ سارہ کے والد سیف اور والدہ امریتا سنگھ کی 2004 میں طلاق ہو گئی تھی جس کے بعد سارہ اور ان کے چھوٹے بھائی ابراہیم علی خان کی پرورش امریتا نے کی .