فتح آئین کی ہوگی، نظریہ ضرورت ذلیل و رسوا ہوگا: شیخ رشید احمد


راولپنڈی(قدرت روزنامہ)سربراہ پاکستان عوامی مسلم لیگ اور سابق وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نظریہ ضرورت اور آئین کے درمیان مقابلہ شروع ہوگیا ہے، آئین جیتے گا نظریہ ضرورت ذلیل و رسوا ہوگا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر شیخ رشید احمد نے لکھا کہ آج پھر سپریم کورٹ کا بنچ بیٹھے گا اور جو آئین کا حلف انہوں نے اٹھایا ہے اُس کے مطابق فیصلہ دے گا، جو کچھ سپریم کورٹ میں ہو رہا ہے قوم نےایسا نہیں سوچا تھا، ساری قوم چیف جسٹس کے سٹینڈ کے ساتھ کھڑی ہے۔


سابق وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت 35 ارکان اسمبلی کا پیٹریاٹ گروپ بنانے جا رہی ہے یہ سیاسی خود کشی کے بعد اب قومی اجتماعی خودکشی کی طرف بڑھ رہے ہیں یہ سیاست نہیں ریاست قربان کرنے لگے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے 8 اکتوبر کو بھی الیکشن نہیں کروانے، ملک ڈیفالٹ ہونے جا رہا ہے، حکومت الیکشن سے بھی فراری ہے اور ملک چلانے کی صلاحیتوں سے بھی عاری ہے، یہ1997 نہیں ایمرجنسی نہیں لگ سکتی اور الیکشن بھی کروانے ہوں گے۔


سربراہ عوامی مسلم لیگ کا مزید کہنا تھا کہ جسٹس منیر نہیں بلکہ جسٹس کارنلیس کی یادتازہ ہوگی اب اسحاق ڈار مان گیا ہے کہ آئی ایم ایف میں تاخیر اور سکوک بانڈز بھی روک دیئے ہیں، رات 12 بجے قاسم سوری کا سوموٹو ہو تو واہ واہ کرتے ہیں، 90 دن میں الیکشن کا سوموٹو ہو تو آہ آہ کرتے ہیں۔