یوم ِدفاع ِپاکستان لازوال عزم اور بہادری کی اعلیٰ مثال ہے، ثمینہ ممتاز زہری

کوئٹہ(قدرت روزنامہ) کنوینئر ذیلی کمیٹی برائے قائمہ کمیٹی سینٹ وزارت داخلہ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا ہے کہ پاکستان کی تاریخ قربانیوں سے رقم ہے قیام پاکستان سے آج تک ہماری جری اور بہادر افواج نے ملک و قوم کے تحفظ کے لئے لازوال قربانیاں دی ہیں یوم دفاع ِ پاکستان کے موقع پر اپنے ایک پیغام میں سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں 6 ستمبر کا دن انتہائی اہمیت رکھتا ہے یہ وہ دن ہے جس دن ہماری جری اور بہادر افواج نے اپنے سے کئی گنا طاقتور دشمن کا منہ توڑ جواب دے کر بھارتی افواج کے ناپاک عزائم کو خاک میں ملایااوربھارتی پیش قدمی کا بھرپور جواب دیتے ہوئے پاکستانی سرحدوں کی بخوبی حفاظت کی اور بزدل بھارتی دراندازوں کو اسلحہ و سازو سامان چھوڑ کر بھاگنے پر مجبور کیا 1965 ء کی جنگ نہ صرف ہماری بہادر افواج کے لئے ایک عظیم اور تاریخی جنگ ہے بلکہ اس جنگ کے دوران قوم کا حب الوطنی کا جذبہ دیکھنے سے تعلق رکھتا ہے اس جنگ میں ساری قوم ایک سیسہ پلائی دیوار کی مانند بن گئی تھی

جسے شکست دینا ناممکن تھا۔انہوں نے کہا کہ ہماری آرمی،نیوی، فضائیہ اور پوری قوم نے مل کر ہر محاذ پر بھارت کو منہ توڑ جواب دیا اوربزدل بھارتیوں کا غرور خاک میں ملاتے ہوئے اپنے وطن کی ایک انچ زمین بھی دشمن کو نہیں لینے دی

جس کے لئے ساری قوم پاک افواج کو سلام اور خراج تحسین پیش کرتی ہے عددی تعداد میں کم ہونے او رجنگی ساز و سامان کی قلت کے باوجود جذبہ ایمانی، جوان مردی، جراٗت اور بہادری کا عظیم الشان مظاہرہ کرتے ہوئے ہماری جری افواج نے اپنی جانوں کے نذرانے دے کر پاک وطن کی حفاظت کی اور دشمن کے قدم اکھاڑ دیئے اور مادر وطن کے دفاع کے لئے ناقابل تسخیربن گئے سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ آج کے دن ہمیں اس عہد کی تجدید کرنی ہے کہ ہم اپنے عظیم شہداء کی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیں گے اور اپنے پیارے پاک وطن پاکستان کے تحفظ، سالمیت اور دفاع کے لئے اسی جذبہ ایمانی اور عزم کو ہمیشہ قائم رکھیں گے جس کا مظاہرہ پوری قوم نے 1965 ء کی جنگ کے دوران کیا۔