شہباز گل پر فرد جرم کی کارروائی پھر مؤخر،پی ٹی آئی رہنما اور جج کے دمیان دلچسپ مکالمہ


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) بغاوت کا کیس،پی ٹی آئی رہنما شہباز گل پر فردِ جرم عائد کرنے کی کارروائی ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت میں شہباز گل کیخلاف بغاوت پر اکسانے کے کیس کی سماعت ہوئی،ایڈیشنل سیشن جج طاہر عباس نے کیس کی سماعت کی۔ رہنما تحریک انصاف شہباز گل عدالت میں پیش ہوئے،سماعت کے دوران شہباز گل اور جج کے درمیان دلچسپ مکالمہ ہوا۔
پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ آپ کو سالگرہ مبارک ہو،جج نے ریمارکس دئیے کہ آپ کو اپریل فول کا میسج پہنچ گیا ہے۔ ایڈیشنل سیشن جج نے مکالمہ کیا کہ آپ تو بیرون ملک جا رہے ہیں؟ جس پر شہباز گل نے بتایا کہ آپ کی سالگرہ کی خوشی میں جا رہا ہوں۔ جج طاہر عباس نے استفسار کیا کہ آپ کی پاکستان واپسی کب ہے؟ پی ٹی آئی رہنما نے بتایا دور جانا ہے،تھوڑی مہربانی کر دیں۔
ایڈیشنل سیشن جج نے ریمارکس دئیے کہ آپ کون سا پیدل جا رہے ہیں۔ وکیل قیصر امام نے عدالت میں بتایا کہ سپریم کورٹ سے سماعت پر حکم امتناع دیا گیا ہے،عدالت نے شہباز گل فرد جرم عائد کرنے کی کارروائی مؤخر کرتے ہوئے سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی۔ یاد رہے کہ لاہور ہائیکورٹ نے شہباز گل کا نام 4 ہفتے کیلئے ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دے رکھا ہے،جبکہ لاہور ہائیکورٹ میں تحریک انصاف کے رہنما شہباز گل کا نام ای سی ایل میں شامل کرنے کے اقدام کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی تھی،وکیل نے دوران سماعت بتایا کہ شہباز گل کی اہلیہ بیمار ہیں اس لیے امریکہ جانا ضروری ہے۔
عدالت نے 4 ہفتے کیلئے شہباز گل کا نام ای سی ایل سے نکالنے کا حکم دیا،شہباز گل کو 4 ہفتے کیلئے امریکہ جانے کی اجازت بھی دی گئی،لاہور ہائیکورٹ نے درخواست پر وفاق کو جواب داخل کرنے کی ہدایت کی۔