’’خصوصی سلوک‘‘ نہیں چاہتا! ٹیم میں موقع دیا جائے، احمد شہزاد کا مطالبہ


لاہور (قدرت روزنامہ)قومی ٹیم سے طویل عرصے تک نظر انداز رہنے والے اوپنر احمد شہزاد نے پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے مطالبہ کیا ہے کہ انہیں اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا ایک مناسب موقع فراہم کیا جائے۔نجی چینل کو دیئے گئے انٹرویو میں اوپنر احمد شہزاد نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ٹیم میں شمولیت کی دوڑ ہر کیلئے ہے، جو بھی کارکردگی دکھائے گا اسے کھیلنے کا موقع ملنا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان کرکٹرز کو ضرور کھلائیں لیکن انہیں سکھانے کیلئے بھی سینئرز کی ضرورت ہوتی ہے، میں صائم ایوب کی کارکردگی سے بہت متاثر ہوں اور چاہتا ہوں کہ وہ پاکستان کے لیے کھیلیں۔
فٹنس سے متعلق تمام افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے احمد شہزاد نے کہا کہ وہ کھیل کے تمام فارمیٹس کے لیے دستیاب ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ سلیکٹرز ان پر اسی طرح غور کریں گے جس طرح وہ ڈومیسٹک سرکٹ میں دیگر فعال کھلاڑیوں کے لیے کرتے ہیں۔
انہوں نے بورڈ سے مطالبہ کیا کہ ’’ میں کسی سے کوئی خصوصی سلوک نہیں چاہتا لیکن دوسرے کھلاڑیوں کی طرح میرے ساتھ ایماندارانہ رویہ اختیار کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کو ثابت کرنے کا ایک مناسب موقع فراہم کیا جائے‘‘۔احمد شہزاد نے سال 2019 میں سرفراز احمد کی کپتانی میں آخری بار قومی ٹیم کی نمائندگی کی تھی، انہوں نے 13 ٹیسٹ، 81 ون ڈے اور 59 ٹی20 انٹرنیشنل میں پاکستان کی نمائدگی کی ہے۔