والد کے دنیا سے چلے جانے کا زندگی پر بہت اثر پڑا: حرا مانی


لاہور (قدرت روزنامہ) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ حرا مانی کا کہنا ہے کہ میں اپنے والد کے بہت قریب تھی اور ان کے دنیا سے چلے جانے کا میری زندگی پر بہت اثر پڑا۔
حرا مانی ایک پاکستانی ٹیلی ویژن اداکارہ، گلوکارہ اور سابق ویڈیو جوکی ہیں، انہوں نے کئی ہٹ پراجیکٹس میں مرکزی کردار ادا کیا ہے جن میں ’ جب وی ویڈ ‘، ’ پریت نا کریو کوئی ‘، ’ سن یارا یقین کا سفر ‘، ’ دو بول ‘، ’ کشف ‘، ’یوں تو ہے پیار بہت ‘ اور ’ میں ہاری پیا ‘ شامل ہیں۔
حال ہی میں اداکارہ نے اپنے شوہر مانی کے ساتھ نجی پروگرام میں شرکت کی جہاں انہوں نے بتایا کہ میں اپنے والد کے بہت قریب تھی اور ان کے دنیا سے چلے جانے کا مجھ پر بہت اثر پڑا۔حرا نے بتایا کہ وہ عام طور پر اپنے والد کے بارے میں بات کرنے سے گریز کرتی ہیں کیونکہ انہیں لگتا ہے کہ ان کے والد ان کے لیے ایک لیجنڈ ہیں اور وہ ان کے بارے میں ایسی جگہ بات نہیں کریں گی جہاں ان کی یادوں کی قدر نہیں کی جاتی۔
اداکارہ نے کہا کہ وہ اپنے والد کے بارے میں صرف منتخب جگہوں پر بات کرتی ہے جہاں وہ جانتی ہے کہ ان کی یادوں کا احترام کیا جائے گا۔اس موقع پر اداکارہ کے شوہر مانی کا کہنا تھا کہ حرا بہت حساس تھی اور بہت سی باتوں پر رونا شروع کر دیتی تھی، جب کبھی ہماری لڑائی ہو جاتی تھی تو میں حرا کے والد کو فون کرتا تھا اور وہ ہماری صلح کرانے میں مدد کرتے تھے۔