وزیراعظم کی ٹیکس محصولات بڑھانے کیلیے جامع حکمت عملی بنانے کی ہدایت
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہباز شریف نے ٹیکس محصولات بڑھانے کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کردی۔وزیراعظم شہباز شریف نے سگریٹ کی صنعت میں ٹیکس چوری کی روک تھام کیلیے فوری اقدامات کرنے اور آئندہ دو ہفتوں میں ملک میں سگریٹ کے تمام کارخانوں پر ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے۔
اجلاس میں وزیراعظم نے قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو ہدایت کی کہ اسمگلنگ اور غیر قانونی سگریٹ کی فروخت کی روک تھام میں ایف بی آر کو ہر قسم کا تعاون فراہم کیا جائے۔انھوں نے ملک کے تمام بڑے شعبوں میں خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم کی تنصیب یقینی بنانے اور ٹیکس محصولات بڑھانے کیلئے ایک جامع حکمتِ عملی تیار کرنے کی بھی ہدایت کی۔
وزیراعظم نے حکم دیا کہ بارڈر کراسنگ پر اچھے شہرت والے افسروں کی ٹینور پوسٹنگ کی جائے۔ انہوں نے شوگر ملوں پر اب تک خودکار ٹریک اینڈ ٹریس سسٹم نہ لگنے کیلئے ذمہ داران کا تعین کرکے انکوائری رپورٹ پیش کرنے کی ہدایت کی اور حکم دیا کہ ٹیکس چوری کرنے والے عناصر اور ان کے کارندوں کو کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے۔