لوگوں نے سمیع خان کے ساتھ میری شادی کیلئے دعائیں کیں: فضا علی کا انکشاف


لاہور(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف اداکارہ فضا علی نے انکشاف کیا ہے کہ لوگوں نے سمیع خان کے ساتھ میری شادی کی دعائیں مانگیں۔
فضا علی اور سمیع خان دونوں کافی عرصے سے انڈسٹری کا حصہ ہیں، فضا نے اپنے کیرئیر کا آغاز ماڈلنگ اور اداکاری سے کیا اور بعد ازاں گلوکاری اور میزبانی کا بھی رخ کیا، ان کے بہت سے گانوں کو مقبولیت ملی جبکہ سمیع خان کا شمار ڈرامہ انڈسٹری کے ٹاپ ریٹیڈ اداکاروں میں ہوتا ہے اور وہ ایک فلم سٹار بھی ہیں جنہوں نے کچھ فلموں میں بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔
سمیع خان اور فضا علی نے ’ گھاؤ ‘ اور ’ صراط مستقیم ‘ سمیت کئی پراجیکٹس میں ایک ساتھ کام کیا ہے اور انکی ایک بہترین پیشہ ورانہ دوستی بھی برقرار ہے۔حال ہی میں فضا علی نے پاکستان ٹیلی ویژن ( پی ٹی وی ) کی رمضان ٹرانسمیشن میں شرکت کی جس کی میزبانی سمیع خان کررہے ہیں اور وہاں اداکارہ نے کچھ تہلکہ خیز انکشافات کیے۔

اداکارہ نے بتایا کہ ایک موقع پر لوگ مزاروں پر دعا کر تے تھے کہ میری اور سمیع خان کی شادی ہو جائے۔فضا نے بتایا کہ وہ اور سمیع ایک ڈرامے کی شوٹنگ کر رہے تھے جس میں اداکار ایک اینٹی ہیرو کا کردار ادا کر رہے تھے ، ڈرامے کی شوٹنگ کے لیے ایک مزار پر گئے جہاں لوگ ان کے گرد جمع ہوگئے۔
اداکارہ نے بتایا کہ لوگ مزار پر دھاگے باندھ کر دعا کر رہے تھے کہ وہ سمیع خان سے شادی کر لیں۔انہوں نے مزاحیہ انداز میں مزید کہا کہ لوگوں کا یہ بھی کہنا تھا کہ اگرچہ سمیع اچھا آدمی نہیں ہے لیکن پھر بھی آپ اس سے شادی کر لیں ۔