عدالت نے مشکل وقت میں بہتر فیصلہ دیا اور نظریہ ضرورت نہیں بنی، شیخ رشید


راولپنڈی(قدرت روزنامہ) سربراہ عوامی مسلم لیگ اور سابق وزیر داخلہ شیخ رشید نے الیکشن التوا کیس میں سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدالت نے مشکل وقت میں بہتر فیصلہ دیا اور نظریہ ضرورت نہیں بنی۔
مائیکرو بلاگنگ ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں سربراہ عوامی مسلم لیگ شیخ رشید نے کہا کہ سپریم کورٹ کے اندر کسی نے نہیں کہا کہ ہم بائیکاٹ کرنا چاہتے ہیں، سب دلائل دینا چاہتے تھے، 85 رکنی کابینہ کا جمعہ بازار سپریم کورٹ کا فیصلہ مسترد نہیں کرسکتا، شہباز حکومت نااہلی یا انارکی میں سے ایک کیلئے تیار ہوجائے۔


انہوں نے کہا کہ یہ سو پیاز بھی کھائیں گے سو لتر بھی کھائیں گے اور عدلیہ کا فیصلہ بھی مانیں گے، عدلیہ خود آئین کے تابع ہے، ملک کے تمام ادارے عدلیہ کے تابع ہیں، عوام کا نام ریاست ہے، عدلیہ کا فیصلہ نہ مانا تو گلی کوچے میں بغاوت ہوگی، شہباز شریف سوچ لے کہ عدلیہ کا فیصلہ ماننا ہے یا توہین عدالت میں نااہل ہوکر رائیونڈ جانا ہے۔


شیخ رشید کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے کہا ہے جنگجو فورس نہیں چاہیے، رینجرز، ایف سی اور ایکس سروس مین ہی کافی ہیں، عدلیہ کے بھگوڑے نواز شریف کی دردناک اور مایوس کن پریس کانفرنس خود اس کا منہ چڑا رہی تھی۔
سابق وزیر داخلہ کا مزید کہنا تھا کہ 3 ججز پر ریفرنس لانے، ایمرجنسی لگانے یا مارشل لاء کی باتیں کرنے کے ڈراؤنے خواب دیکھنا چھوڑ دیں، ہفتے سے سعودی عرب کے سرکاری مہمان بننے کی بھیک مانگ رہے ہیں۔