ٹوکیو پیرالمپکس مقابلے چین کی برتری کے ساتھ اختتام پذیر

ٹوکیو(قدرت روزنامہ)جاپان کے دارالحکومت ٹوکیو میں ہونے والے پیرالمپکس مقابلے چین کی برتری کے ساتھ اتوار کو اولمپک سٹیڈیم میں منعقد ہونے والی رنگارنگ تقریب کے ساتھ اختتام پذیر ہو گئے ہیں۔
13 دن جاری رہنے والے پیرالمپکس مقابلوں میں میڈل ٹیبل پر چین نے 96 گولڈ، 60 سلور اور 51 برانز میڈلز کے ساتھ پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 207 رہی۔ برطانیہ 41 سونے، 38 چاندی اور 45 کانسی کے تمغوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہا، اس کے مجموعی تمغوں کی تعداد 124 رہی۔
امریکا نے 37 گولڈ، 36 سلور اور 31 برانز میڈلز جیتے، اس طرح اس نے مجموعی طور پر 104 میڈلز کے ساتھ تیسری پوزیشن حاصل کی۔ روس نے 36 گولڈ، 33 سلور اور 49 برانز میڈلز کے ساتھ چوتھی، ہالینڈ نے 25 گولڈ، 17 سلور اور 17 برانز میڈلز کے ساتھ پانچویں، یوکرین نے 24 گولڈ، 47 سلور اور 27 برانز میڈلز کے ساتھ چھٹی، برازیل نے 22 گولڈ، 20 سلور اور 30 برانز میڈلز کے ساتھ ساتویں، آسٹریلیا نے 21 گولڈ، 29 سلور اور 30 برانز میڈلز کے ساتھ آٹھویں، اٹلی نے 14 گولڈ، 29 سلور اور 26 برانز میڈلز کے ساتھ نویں، آذربائیجان نے 14 گولڈ، ایک سلور اور 4 برانز میڈلز کے ساتھ دسویں پوزیشن حاصل کی۔
میزبان جاپان نے 13 سونے، 15 چاندی اور 23 کانسی کے تمغوں کے ساتھ 11ویں، جرمنی نے 13 سونے، 12 چاندی اور 18 کانسی کے تمغوں کے ساتھ 12ویں، اسلامی جمہوریہ ایران نے 12 گولڈ، 11 سلور اور ایک برانز میڈلز کے ساتھ 13ویں، فرانس نے 11 گولڈ، 15 سلور اور 28 برانز میڈلز کے ساتھ 14ویں اور سپین نے 9 گولڈ، 15 سلور اور 12 برانز میڈلز کے ساتھ 15 ویں پوزیشن حاصل کی۔ پاکستان نے میگا ایونٹ میں ایک گولڈ میڈل حاصل کیا جبکہ بھارت نے پانچ گولڈ، آٹھ سلور اور چھ کانسی کے تمغے جیتے۔