عدت کے دوران نکاح ، عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف ایک اور درخواست دائر


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی ) کے چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف دوران عدت نکاح کرنے پر کارروائی کے لیے ایک اور درخواست دائر کر دی گئی ہے۔اسلام آباد کے شہری محمد حنیف نے اسلام آباد کی سیشن کورٹ میں درخواست دائر کی ہے۔
شہری کی جانب سے دائر کی گئی درخواست پر سینئر سول جج نصر من اللہ 8 اپریل کو سماعت کریں گے جبکہ درخواست گزار کی جانب سے بیان قلمبند کروا دیا گیا ہے۔درخواست گزار نے لاہور میں پڑھائے گے نکاح کی کاپی بھی درخواست کے ساتھ منسلک کی ہے۔درخواست میں عمران خان ، بشریٰ بی بی اور اسٹیٹ کو فریق بنایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ عمران خان کی بشریٰ بی بی کے ساتھ ہونے والی شادی کے بعد یہ خبریں میڈیا کی زینت بنی تھیں کہ عدت کے دوران نکاح کیا گیا اور اس حوالے سے نکاح پڑھانے والے مفتی سعید نے انکشاف کیا تھا کہ عمران خان اور بشریٰ بی بی کا نکاح 2 مرتبہ پڑھایا جس کی وجہ یہ تھی پہلا نکاح عدت میں ہوا تھا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز جمیعت علمائے اسلام نے بھی چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی نااہلی کے لیے پشاور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ عمران خان نے دوران عدت بشریٰ بی بی سے شادی کی، دوران عدت شادی غیرشرعی ہے، عمران خان سے متعلق ریحام خان نے بھی اپنی کتاب بھی کئی انکشافات کئے ہیں۔