کچلاک بائی پاس پر سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ، 2 اہلکار شہید
کوئٹہ(قدرت روزنامہ)کچلاک بائی پاس پر نامعلوم افراد کی جانب سے سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر فائرنگ کے نتیجے میں دو اہلکاروں شہید ہوگئے ہیں۔ترجمان وزیر اعلیٰ بلوچستان بابر یوسفزئی کے مطابق کچلاک کے مغربی بائی پاس پر واقع سیکیورٹی فورسز کی چیک پوسٹ پر نامعلوم افراد کی جانب سے اندھا دھن فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں دو سیکیورٹی اہلکار شہید جبکہ ایک اہکار زخمی ہوگیا۔
واقعہ کے بعد امدادی ٹیمیں اور سیکیورٹی اہلکار جائے وقوعہ پہنچے جہاں سے شہید اہلکاروں کے جسد خاکی کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ترجمان وزیر اعلی بلوچستان بابر یوسفزئی نے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ واقعے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کے اہلخانہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔وطن کی حفاظت کرتے ہوئے جام شہادت نوش کرنے والے ایف سی اہلکاروں پر پوری قوم کو فخر ہیں۔
واقعے میں زخمی ہونے والے اہلکار کو بہترین علاج و معالجے کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔واضح رہے کہ اس حملے کی ذمہ داری ابھی تک کسی نے قبول نہیں کی ہے۔