سعودیہ نے مہمند ڈیم کیلیے 70 ارب روپے قرض فراہم کردیا
اسلام آباد(قدرت روزنامہ) سعودی فنڈ فار ڈیولپمنٹ نے مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے پاکستان کو 24 کروڑ ڈالر ( 69 ارب 8 کروڑ 94 لاکھ روپے) کا قرض دے دیا۔ایکسپریس نیوز کے مطابق اقتصادی امور ڈویژن نے اس حوالے سے بتایا ہے کہ مہمند ملٹی پرپز ڈیم پراجیکٹ کے لیے سعودی فنڈ برائے ترقی سے 240 ملین ڈالر کے قرض سے پاکستان کی توانائی کی منتقلی کی حمایت کی جائے گی جب کہ دونوں کے درمیان شراکت داری مضبوط ہوگی۔
اقتصادی امور ڈویژن نے کہا ہے کہ اس فنڈ سے پاکستان کی توانائی کی حفاظت کو بڑا فروغ ملا ہے، مہمند ڈیم منصوبہ خوراک اور پانی کی حفاظت کو بہتر بنانے اور صوبہ خیبر پختونخوا میں سماجی اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لیے ہے، مہمند ڈیم منصوبہ صاف توانائی اور پانی کی رسائی کو بڑھانے کے لیے، پاکستان میں ایس ڈی جیز کی حمایت کرتا ہے۔
اپنے بیان میں اقتصادی امور نے کہا ہے کہ قابل تجدید توانائی سے چلنے والا مہمند ڈیم منصوبہ 800 میگاواٹ بجلی پیدا کرے گا، اس منصوبے سے پائیدار زراعت کو فروغ ملے گا، نئی زمین کو آب پاشی کے قابل بنایا جاسکے گا جس سے زیر کاشت رقبے میں اضافہ ہوگا۔
سیکریٹری اقتصادی امور نے کہا ہے کہ پاکستان کے لیے ایس ایف ڈی کی مسلسل حمایت مہمند ڈیم پراجیکٹ کے لیے 240 ملین ڈالر کے قرض میں ظاہر ہے، پاکستان کے لیے ایس ایف ڈی کی 1.4 بلین ڈالر کی امداد میں 41 ترقیاتی منصوبوں اور پروگراموں کے لیے فنڈنگ شامل ہے۔