حکمران الیکشن سے بھاگنے کے لیے ہر حربہ آزما رہے ہیں، پرویز الٰہی


لاہور(قدرت روزنامہ)سابق وزیر اعلیٰ پنجاب و مرکزی صدر پاکستان تحریک انصاف چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے کہ حکمران ہر وہ حربہ آزما رہے ہیں جس سے وہ الیکشن سے بھاگ سکیں۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب سے سپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی مشتاق احمد غنی، راؤ عبدالرحمان، سابق صوبائی وزیر باؤ رضوان و دیگر رہنماؤں نے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ خیبر پختونخوا اسمبلی کے الیکشن کروانے کیلئے سپریم کورٹ ہی آخری امید ہے، پنجاب اور کے پی کے میں انشاء اللہ الیکشن ضرور ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ نااہل شہباز شریف حکومت ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنا چاہتی ہے، سپریم کورٹ کے واضح حکم کے باوجود شہباز شریف اور کابینہ ایک ہی ہٹ دھرمی پر قائم ہیں کہ الیکشن نہیں کرانے۔
چودھری پرویز الٰہی نے کہا کہ سپریم کورٹ کے خلاف پارلیمنٹ سے غیر آئینی قرار دادیں منظور کرانا توہین عدالت ہے، ایک ایک وزیر کے خلاف توہین عدالت کی کارروائی ہونی چاہئے۔سابق وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ نگران حکومت سوائے الیکشن کرانے کے وہ سب کام کر رہی ہے جو اس کے دائرہ اختیار میں نہیں آتے۔