پریتی زنٹا ہراسانی کی شکار، سوشل میڈیا پر ماجرا بھی بیان کردیا


ممبئی(قدرت روزنامہ)بھارتی اداکارہ پریتی زنٹا کو ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا ہے جس کا انہوں نے اپنی سوشل میڈیا پوسٹ پر کھل کر اظہار کردیا۔ فوٹوز اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اپنے پیغام میں پریتی زنٹا کا کہنا تھا کہ دو ایسے واقعات ہوئے جنہوں نے مجھے ہلا کر رکھ دیا۔ \انہوں نے بتایا کہ ایک خاتون نے زبردستی ان کی تصاویر لیں اور ان کے نومولود کو بوسہ دینے کی کوشش کی۔
پریتی کا کہنا تھا کہ میں نے اس خاتون کو منع کیا کہ وہ میری بیٹی کی تصاویر نہ لے اور چلی جائے، لیکن وہ نہ مانی اور اس نے میری بیٹی جیا کو میرے ہاتھوں سے چھین کر اس کے گال پر پیار کیا اور پھر اسے واپس مجھے تھما کر بھاگ گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر میں سلیبریٹی نہ ہوتی تو میں ضرور اس کا ردِ عمل دیتی۔
اداکارہ نے ایک واقعے کا ذکر کیا اور بتایا کہ انہیں اس وقت بھی ہراسانی کا سامنا کرنا پڑا جب ایک وہیل چیئر پر بیٹھے فقیر نے انہیں روکنے کی کوشش کی اور ان سے پیسوں کا مطالبہ کیا۔ان کا کہنا تھا کہ مجھے فوری فلائٹ پکڑنی ہے لیکن ایک معذور شخص میرے سامنے آگیا اور مجھے روکنے کی کوشش کی۔
پریتی کا کہنا تھا کہ میں نے اس شخص کو کہا کہ آج میرے پاس کیش نہیں بلکہ کریڈٹ کارڈ ہے، جبکہ میرے ساتھ موجود ایک خاتون نے اپنے پرس سے اس بھکاری کو پیسے دیے لیکن وہ پیسے اس نے یہ کہتے ہوئے پھینک دیے کہ یہ کافی نہیں اور الٹا ہم پر ہی غصہ کرنے لگا۔