وزیر اعظم، وزیرخارجہ کی مسیحی برادری کوایسٹر کی مبارکباد


اسلام آباد(قدرت روزنامہ) وزیراعظم شہبازشریف اور وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے دنیا بھر اور خصوصا پاکستان میں رہنے والے مسیحی بہن بھائیوں کو ایسٹر کی مبارکباد دی ہے ۔
وزیراعظم شہبازشریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرکہا کہ دنیا بھر کی مسیحی برادری، خاص طور پر یہ دن منانے والے ہمارے پاکستانی مسیحی بھائیوں اور بہنوں کو ایسٹر کی مبارکباد دیتے ہیں۔


وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا کہ آئیے ہم سب دنیا کو ایک پرامن جگہ بنانے کے لیے اپنا کردار اداکرنے کا عہدکریں جہاں تمام کمیونیٹیز ہم آہنگی کے ساتھ رہ سکیں اور جہاں آنے والا کل مزید بہتر بنانے کی امیدہو۔
وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھی ایسٹر پر اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں مسیحی بھائیوں و بہنوں کو دل کی گہرائیوں سے ایسٹر کی مبارکباد پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ دعاگو ہوں یہ دن ہم سب کے لیے ایک ایسی دنیا بنانے کا وسیلہ ثابت ہو جہاں تمام عقائد و کمیونٹیز امن، ہم آہنگی اور باہمی احترام کے ساتھ رہ سکیں۔


واضح رہے کہ پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج مسیحی برادری ایسٹر کا تہوار منا رہی ہے۔