اسلام آباد(قدرت روزنامہ)انسداد دہشتگردی کی عدالت نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے رہنما شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں توسیع کردی . رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی دفعہ 144 کی خلاف ورزی کے کیسز میں انسداد دہشتگردی کی عدالت میں پیش ہوئے .
عدالت نے شاہ محمود قریشی کی عبوری ضمانت میں 29 اپریل تک توسیع کردی .
اے ٹی سی جج نے تفتیشی افسر سے استفسار کیا کہ کہ کیا شاہ محمود قریشی کو کیسز سے ڈسچارج کرنا ہے؟ سابق وزیر خارجہ کو کٹہرے میں کھڑا کیا ہوا ہے وجہ تو بتائیں . شاہ محمود اور عمران خان کے حکم پر پی ٹی آئی کارکنان نے احتجاج کیاتو کیا کوئی ثبوت ہے؟
تفتیشی افسر نے جواب دیا کہ شاہ محمود قریشی کو کیس میں نامزد رکھنا ہے . عمران خان اور شاہ محمود نے کارکنان کو احتجاج کاحکم دیا اور کارکنان نے اگے پیغام پہنچایا . شاہ محمود قریشی کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ان کے خلاف سیاسی بنیادوں پر انتقام لینے کے لیے کیسز بنائے گئے . شاہ محمود قریشی تفتیش میں شامل ہونا چاہتےہیں .
شاہ محمود قریشی نے عدالت میں کہا کہ میں جائے وقوعہ پر موجود نہیں تھا . ماہ رمضان ہے روزے کی حالت میں ہوں پراسیکیوشن جھوٹ کہہ رہی ہے . میں نے کسی کو کبھی نہیں اکسایا اورنہ ہی 40 سال میں ایسا کوئی حکم دیا . پراسیکیوشن حلف لے کر کہے کہ مجھ پرلگایا گیا الزام سچ ہے میں عدالت کا حکم ماننے کے لیے تیار ہوں . پراسیکیوٹر نے کہا کہ قانون کے مطابق ایسے کیسز میں حلف پر بیان نہیں لیا جاسکتا . دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ اسلام آباد نے شاہ محمود قریشی کی 3 مقدمات میں ضمانت منظور کرلی .