شمعون عباسی نے شیری شاہ سے اپنی شادی کو خفیہ کیوں رکھا؟


کراچی(قدرت روزنامہ) پاکستان شوبز کے سینئر اداکار شمعون عباسی کا کہنا ہے کہ اداکارہ شیری شاہ سے شادی کے بعد ان کی زندگی بدل گئی ہے۔ایک حالیہ انٹرویو میں شیری شاہ سے شادی چھپانے سے متعلق سوال پر شمعون عباسی نے بتایا کہ انہیں نہیں لگتا کہ نجی زندگی سے جُڑی ہر بات کو سوشل میڈیا پر شیئر کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ جب کبھی آپ اپنی خوشیوں کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے ہیں تو لوگوں کی جانب سے بہت سارے ایسے تبصرے بھی کئے جاتے ہیں جن کو آپ اکیلے یا فیملی میں بیٹھ کر پڑھیں تو اس کا ذہن پر کافی دباؤ پڑتا ہے اور ڈپریشن ہوتا ہے۔
شمعون عباسی نے بتایا کہ ان کی کمیونٹی اور ان کے دوستوں کو معلوم تھا کہ ان کی شیری شاہ سے شادی ہو چکی ہے اور ان کی شادی سب کے سامنے ہوئی تھی تاہم انہوں نے سوشل میڈیا پر اس کی تشہیر مناسب نہیں سمجھی۔
شیری شاہ سے شادی کرنے کے بعد کیرئیر پر پڑنے والے اثرات کے بارے میں بات کرتے ہوئے شمعون نے بتایا کہ شیری شاہ سے ان کی شادی انکے کیرئیر کے لئے مثبت ثابت ہوئی ہے اور اب وہ پہلے سے کئی زیادہ کام کر رہے ہیں۔شمعون عباسی کا کہنا تھا کہ ’میری اہلیہ شیری اچھے دل کی مالک اور صابرہ خاتون ہیں۔ ان کے اندر ایسی کوئی چیز نہیں ہے جو میرے پچھلے تعلقات میں تھیں۔ وہ سمجھدار ہیں اور جب سے میری زندگی میں آئی ہیں ذہنی طور پر مطمئن رہتا ہوں اور خدا کر شکر ادا کرتا ہوں۔‘
یاد رہے کہ اداکارہ شیری شاہ نے حال ہی سوشل میڈیا پر شمعون عباسی سے اپنی شادی کا انکشاف کیا تھا جس کی تصدیق کرتے ہوئے شمعون عباسی نے بتایا تھا کہ ان کی شادی اب سے 4 برس قبل ہوگئی تھی۔